سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد پاکستان نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں، ان کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے کمر کس لی ہے۔
نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ معاشی اندھیرے مٹانا، عوام کو ریلیف دلانا ہی نوازشریف کا ایجنڈا ہے، اس کے علاوہ قومی اتحاد اور دہشت گردی کا خاتمہ بھی ہماری منصوبہ بندی میں شامل ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس
اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو آمد پر استقبال کی اب تک کی تیاریوں کاجائزہ لیاگیا
پارٹی رہنماؤں نے اب تک کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا
شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں اور… pic.twitter.com/zRuSAvBUOc
— PMLN (@pmln_org) September 30, 2023
انہوں نے کہاکہ ہماری توجہ، صلاحیتوں اور اقدامات کا رُخ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی طرف تھا، ہے اور رہے گا، ہم نے نوجوانوں کو روشن مستقبل دے کر پاکستان کا معمار بنانا ہے، انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا ہے۔
شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے تمام تنظیموں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو موثر بنایا جائے۔
اجلاس میں شریک پارٹی رہنماؤں نے اب تک کے انتظامات کے حوالے سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔
شہباز شریف نے چیف آرگنائزر مریم نواز سمیت دیگر عہدیداروں اور رہنماؤں کو پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے پر شاباش دی اور اب تک کے اقدامات کو سراہا۔