نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ہنر مند پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر اپنے ایک پوسٹ میں عمر سیف نے کہا کہ پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمپنیوں کے وفد کو سعودی عرب لے جا رہے ہیں۔ ان شا اللہ اس کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری ہوگی اور سعودی عرب میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو بڑے کاروبار ملیں گے۔
Taking Pakistan’s delegation of IT companies to KSA. InshAllah this will result in investments in Pakistan and big business for Pakistani IT companies in Saudia. pic.twitter.com/OLmLaN5eY2
— Umar Saif (@umarsaif) September 30, 2023
اپنے دورے کے دوران عمر سیف اس سال کے اوائل میں اعلان کردہ 100 ملین ڈالر کے سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس منصوبے کے بارے میں بھی تازہ معلومات حاصل کریں گے۔
اس منصوبے کا مقصد دونوں ممالک میں واقع آئی ٹی فرموں اور کاروباری اداروں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ شہزادہ فہد بن منصور نے سب سے پہلے رواں سال جنوری میں پاکستان میں منعقد ہونے والے فیوچر فیسٹ 2023 میں اس کا ذکر کیا تھا۔
قبل ازیں عمر سیف کا کہنا تھا کہ ملک میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے PayPal اور اسٹریپ دونوں سے بات چیت جاری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت PayPal کو قائل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کہ وہ مصر کی طرح پاکستان میں بھی تھرڈ پارٹی کے ذریعے خدمات فراہم کرے جہاں PayPal تیسرے فریق کے ذریعے اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت نے PayPal سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی فری لانسرز کو ون وے سروس کے ذریعے پاکستان میں رقم لانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر اندرPayPal کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔