صدر مملکت عارف علوی کو عدالت سے نوٹس جاری

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انصاف ہاؤس کراچی کا کرایہ ادا نہ کرنے پر بلڈنگ کا مالک عدالت پہنچ گیا ہے۔

بلڈنگ کے مالک نے اپنے وکیل کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 اگست 2012 کو ایک ہزار گز زمین کرائے پر دی گئی تھی، اور یہ طے ہوا تھا کہ ماہانہ کرایہ ایک لاکھ روپے ہو گا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 12 سال سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا اور اب واجب الادا رقم ایک کروڑ 39 لاکھ روپے ہے۔

مالک نے وکیل کے ذریعے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کرائے کی ادائیگی سمیت جگہ کا قبضہ بھی دلوایا جائے۔

مزید پڑھیں

آج وکلا کی ہڑتال کے باعث درخواست پر سماعت نہ ہو سکی، عدالت نے صدر مملکت عارف علوی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور 10 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ صدر مملکت عارف علوی، نعیم الحق مرحوم اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے انصاف ہاؤس کراچی کے دفتر کا معاہدہ کیا تھا۔

اس کے علاوہ ضمانتی کے طور پر فردوس شمیم نقوی اور سابق رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان کے دستخط موجود ہیں۔

تحریک انصاف کے وکلا نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہمیں ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملا۔

یہ بھی واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد انصاف ہاؤس کراچی کو سیل کر دیا گیا تھا، پی ٹی آئی کی جانب دفتر کھولنے کے لیے مقامی عدالت سے بھی رجوع کیا گیا ہے۔

مقامی عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ دفتر کھولا جائے مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ 5 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp