یوکرین کے ایک طاقتور شخص نے اپنے دانتوں سے گاڑیاں کھینچ کر دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ یوکرین کے طاقتور شخص نے اپنے دانتوں کا استعمال کرتے ہوئے گاڑیاں کھینچنے کے 2 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
یوکرین کے34 سالہ دمترو ہرنسکی نے دانتوں کے ساتھ سب سے زیادہ گاڑیاں کھینچنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے 6 کاریں اور ان میں سوار 6 ڈرائیوروں جن کا مجموعی وزن 16,763 پاؤنڈ تھا کو اپنے دانتوں سے کھینچ کر دُنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
ہر گاڑی مکمل طور پر آزاد تھی لیکن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ گاڑیاں سیدھی لائن میں رہیں اور ایک دوسرے سے ٹکرائیں نہیں، اس کے لیے ہر گاڑی میں ایک ڈرائیور بھی سوار تھا۔
اس کے بعد ہرنسکی نے دانتوں سے ہی تیز ترین 30 میٹر (98.4 فٹ) کار کھینچنے کا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی اور وہ 2،293 پاؤنڈ کی ٹیکسی کو 15.63 سیکنڈ میں مطلوبہ فاصلہ تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے اور اس طرح انہوں نے دوسرا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
باڈی بلڈر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ ’ میرا مشغلہ اپنی بھرپور طاقت دکھانا ہے اور اس حوالے سے میرا مقصد بہت سارے ریکارڈ اپنے نام کرنا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے 2022 میں 71,650 پاؤنڈ وزنی ٹرین کا رسا اپنی گردن کے ساتھ لپیٹ کر سب سے بھاری ٹرین کھینچنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔