علاقائی طاقتیں خفیہ طور پر پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں معاونت کر رہی ہیں، چینی اسکالر

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لا کے وزیٹنگ پروفیسر چینگ ژی ژونگ نے کہا ہے کہ کئی سالوں سے ایک علاقائی طاقت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے اور چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہےجس کے لیے وہ وقتاً فوقتاً دہشت گرد حملے کرنے کے لیے خفیہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کر رہی ہے۔

 پاکستان میں 2 دھماکوں نے دُنیا کو ہلاکر رکھ دیا

ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لاء کے وزیٹنگ پروفیسر چینگ ژی ژونگ نے ایشیا پیسیفک ڈیلی میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں مستونگ، بلوچستان اور ہنگو میں ہونے والے 2 الگ الگ دھماکوں نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے تمام امن پسند ممالک نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ چینی عوام اس غیر انسانی رویے کی شدید مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

پاکستان 1980 اور 1990 کی دہائی میں زبردست ترقی کر رہا تھا

پروفیسر چینگ نے لکھا کہ جنوبی ایشیا میں 1980 اور 1990 کی دہائی میں پاکستان میں سماجی تحفظ کی صورتحال انتہائی اچھی تھی اور بہترین سیکیورٹی صورت حال سمیت زیادہ تر ترقیاتی انڈیکس جنوبی ایشیا کے دیگر تمام ممالک کے مقابلے میں زیادہ تھا۔

افغانستان پر غیر ملکی حملے سے دہشت گردی طوفان بن کر آئی

تاہم افغانستان پر غیر ملکی حملے کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا سلسلہ طوفان بن کر آیا، جس کا سب سے بڑا شکار پاکستان ہوا۔ اس کے بعد پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط اور مؤثر اقدامات کیے جن کی بدولت سیکیورٹی کی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی 2 اہم وجوہات ہیں۔

پہلی وجہ یہ ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک طویل مشترکہ سرحد ہے۔ اگرچہ افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے بارہا اور واضح طور پر اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو پڑوسی ممالک کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی لیکن اس کے باوجود افغان طالبان کی عبوری حکومت کے پاس سیکیورٹی کنٹرول کی صلاحیت بہت کم ہے۔

لہٰذا دہشت گرد تنظیمیں افغانستان کے اندر چھپی ہوئی ہیں جن کے دہشت گرد اکثر پاکستان کے اندر حملے کرنے کے لیے سرحد پار کرتے رہتے ہیں۔

 دہشت گرد تنظیموں کی بیرونی حمایت کا پس منظر واضح ہے

انہوں نے مزید لکھا کہ دوسری اور بڑی وجہ یہ ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کا بیرونی حمایت کا پس منظر بہت واضح ہے۔ جیسا کہ پاکستان کے عام انتخابات قریب آرہے ہیں، علاقائی طاقتیں لامحالہ پاکستان کے سیاسی عمل اور سماجی استحکام میں خلل ڈالنے کے لیے دہشت گرد تنظیموں کی حمایت میں اضافہ کریں گی، اس کے لیے پاکستان کو انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp