یوکرین جنگ: روس کے 3 اولمپئن پیرس اولمکپس 2024 میں امریکا کی نمائندگی کر سکیں گے؟

پیر 2 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اولمپکس میں فینسنگ کا کھیل اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ روس کے 3 اہم اولمپئن یوکرین جنگ چھڑنے کے بعد امن اور اچھے مستقل کی تلاش میں امریکا چلے گئے۔ کیا وہ پیرس اولمکپس 2024 میں امریکا کی جانب سے حصہ لے سکیں گے؟

کونسٹنٹین لاخوف روس کے 24 سالہ کھلاڑی ہیں، وہ 2017 اور 2018 میں جونیئر فینسنگ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر تھے۔ انہوں نے 2020 کی ٹوکیو اولمپکس میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ پیرس اولمپکس 2024 میں روس کی نمائندگی کے لیے تربیت میں مصروف تھے۔ لیکن جب فروری 2022 میں روس نے یوکرین پر چڑھائی کی تو کونسٹنٹین نے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ کہتے ہیں ’میں اس کی حمایت نہیں کر سکتا تھا یہ ناممکن تھا۔ میں نے سوچنا شروع کیا کہ اب مجھے کیا کرنا چاہیے؟ یہ بہت کڑا فیصلہ تھا کیوں کہ ماسکو میں ہی میرا سب کچھ تھا۔

روسی جارحیت کے وقت کونسٹنٹین جرمنی میں تھا، جہاں اس کے کولہے کی سرجری ہونا تھی۔ وہ کہتے ہیں ’میرے پاس کوئی منصوبہ یا خیال تک نہیں تھا کہ مجھے کیا کرنا ہوگا لیکن میں نے روس واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا۔ یوں کونسٹنٹین امریکا میں اپنے دوست کے پاس سان ڈیاگو چلا آیا۔

کونسٹنٹین لاخوف روسی فینسر اولمپک چیمپئن صوفیا پازینیاکووا سے شادی کرچکے ہیں۔ ان کی اہلیہ کے والد بھی روس کی جانب سے فینسنگ کے اولمپک چیمپئن رہ چکے ہیں اور اب روس کی اولپمک کمیٹی کے سربراہ ہیں۔

کونسٹنٹین لاخوف کہتے ہیں ’میرا اہلیہ کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، ہم اکٹھے ٹریننگ کرتے، سفر کرتے، مقابلوں میں حصہ لیتے اور ہمیشہ ساتھ رہتے تھے۔ میں نے اسے بھی ساتھ چلنے کا کہا لیکن اس نے والدین کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔متعدد بار اس سے گفتگو ہوئی لیکن اس کا ہمیشہ ایک ہی جواب ہوتا تھا۔‘

کونسٹنٹین لاخوف 2017 اور 2018 میں جونیئر فینسنگ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر تھے

اس دروان کورونا کی وبا بھی کونسٹنٹین کے لیے مشکلات لے کر موجود تھی۔ 2021 کے آخر میں کونسٹنٹین کی والدہ کا انتقال ہو گیا جبکہ صوفیا پازینیاکووا نے 2022 میں طلاق کے لیے رجوع کر لیا تھا۔

کونسٹنٹین کہتے ہیں ’میری والدہ محض 43 برس کی عمر میں کورونا کے باعث مجھے سے بچھڑ گئیں، میں ان کے بہت قریب تھا۔ میں اب کس سے دل کی بات کر سکتا تھا، میں بھری دنیا میں اکیلا رہ گیا تھا۔ زندگی میں کئی خواب اور خواہشیں یوں ہی ادھوری رہ جاتی ہیں۔‘

اسی دوران جنگ کے باعث روس کے 2 اور فینسنگ چیمپئن سرگے اور ویالیٹابڈا سان فرانسیسکو میں آگئے تھے۔ سرگے 2019 اور 2020 کی درجہ بندی میں پہلے نمبر کا ایپی فینسر تھا جس نے 2020 کے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔

سرگے 2019 اور 2020 کی درجہ بندی میں پہلے نمبر کے ایپی فینسر تھے

ویالیٹابڈا بھی فینسنگ کی بہترین کھلاڑی تھی جس نے ورلڈ فینسنگ چیمپئن شپ 2019 میں چاندی کا تمغہ جیت رکھا تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ’ انسٹاگرام پر شیئر میری ایک ویڈیو کو بنیاد بنا کر مجھے روس کی فینسنگ ٹیم سے ہٹا کر بلیک لسٹ کر دیا گیا یہاں تک کہ میرے واجبات بھی ادا نہیں کیے گئے۔‘

سرگے جو پہلے بہت اچھے اتھلیٹ تھے۔ ان کے دادا، دادی، چچا اور والدہ بھی اولمپکس اتھلیٹ رہے ہیں جنہوں نے روس کے لیے کئی میڈلز جیتے ہیں۔ روسی یوکرین جنگ کے بعد ویالیٹابڈا اور سرگے نے بھی مشکل فیصلہ کیا اور روس کو چھوڑ کر سان فرانسسکیو آ گئے۔ یہاں وہ اکیڈمی آف فینسنگ ماسٹرز میں نہ صرف اپنی ٹریننگ کرتے ہیں بلکہ انہوں نے نوجوانوں کو فینسنگ سکھانے کے لیے لائیسنس بھی حاصل کر لیا ہے۔

جولائی 2024 میں پیرس اولپمکس شروع ہوں گے لیکن کونسٹنٹین لاخوف، ویالیٹابڈا اور سرگے نہیں جانتے کہ وہ پیرس اولمپکس میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں؟ تینوں کھلاڑیوں کے لیے پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بہترین مواقع ہیں۔ وہ امریکا کی جانب سے بھی مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں جس کے لیے انہیں امریکی شہریت حاصل کرنا ہوگی۔

ویالیٹا بڈا اور سرگے بڈا سان فرانسسکو میں بچوں کو فینسنگ کی تربیت دے رہے ہیں

امریکی شہریت حاصل کرنے کے لیے انہیں کم از کم 5 برس کا عرصہ درکار ہوگا، اس طرح وہ 2024 میں ہونے والے پیرس اولمپکس سے نااہل ہو جائیں گے۔ ان کی امید 2028 کے گرما اولمپکس ہو سکتے ہیں یا پھر انہیں ریلیف دینے کے لیے کانگریس میں شہریت دلوانے کا نجی بل پیش کیا جائے۔ ماضی میں ایسی مثال موجود ہے لیکن یہ خاصا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے کھیلنے کے لیے پر امید ہیں، کیوں کہ ہر اچھے کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اولمپکس کھیلے اور ملک کے لیے میڈل جیت کر لائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp