پارلیمان میں آئیں اور ہم سے بات کریں،بلاول بھٹو کا عمران خان کو مشورہ

منگل 21 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپس آ کر کردار ادا کرنے کا مشورہ دے دیا۔

امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو انٹر ویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ پارلیمان میں واپس آئیں اور ہم سے بات کریں،اگر عمران خان جمہوری راستے پر چلنے کی کوشش کریں تو سیاست میں ان کا مستقبل ہو سکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا  کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ فوج سیاست میں کردار ادا کرے اور اقتدار میں واپسی کے لیے ان کی مدد کرے ۔

 

 

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف نے اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ فوج سیاست میں مداخلت کرتی تھی لیکن اب وہ الگ ہونا چاہتے ہیں۔ اگر فوج اپنے آئینی طور پر متنازع طرز عمل کو تبدیل کرنا چاہتی ہے تو اس کا خیر مقدم کرنا چاہیے ۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ نئی عسکری اور سویلین قیادت نے عمران خان کی پالیسی پر فل اسٹاپ لگا دیا ہے۔

 

 بلاول بھٹو نے تحریک انصاف پر الزام لگایا کہ وہ بغیر کسی پیشگی شرط کے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی تھی، عمران حکومت کی پالیسی دہشت گردوں کو خوش کرنے کی تھی۔

بلاول بھٹو نے جرمن ادارے ڈی ڈبلیو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہمسایہ ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو پاکستان میں سیکیورٹی رسک ہائی رہے گا۔ ایسی تنظیموں سے بات چیت پاکستان کے مفاد میں نہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی سے تعاون جاری رکھنے والا ملک پاکستان کا دوست نہیں ہو سکتا۔ امید ہے افغانستان ان تنظیموں کے خلاف ایکشن لے گا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp