’اب ہمیں ورلڈ کپ جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا‘ چاہت فتح علی خان کے ترانے پر دلچسپ تبصرے

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار استاد چاہت فتح علی خان نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے خصوصی ترانہ ریلیز کر دیا۔

چاہت فتح علی خان نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ’ایکس‘ پر اپنے نئے ترانے کی ویڈیو شیئر کی۔

ریلیز کی گئی ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کو اپنے نئے ترانے ’جیتیں گے بھئی جیتیں گے‘ گنگناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

چاہت فتح علی خان کی جانب جاری کیا گیا پی ایس ایل کا ترانہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔

صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں، کسی نے اس ترانے کو ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے سے بہتر قرار دے دیا تو کسی نے علی ظفر کے لیے ٹف مقابلہ قرار دے دیا۔

ایک صارف  مسکان نے چاہت فتح علی خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ ترانہ ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے سے بہت بہتر ہے۔

 ایک صارف نے لکھا کہ ’اب تو ہم جیتیں گے ہی‘ ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دے ڈالا کہ چاہت فتح علی خان کو کرکٹ شوز میں بطور ایکسپرٹ مدعو کیا جانا چاہیے۔

ایک صارف نے چاہت فتح علی خان کے ترانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ چاہت فتح علی خان نے جب بھی کرکٹ کا ترانہ گایا ہے تب، تب پاکستانی ٹیم کی جیت ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پچھلی بار چاہت فتح علی خان نے پی ایس ایل گانا گایا اور پاکستان پی ایس ایل جیت گیا تھا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار نئے ترانے کے بعد پاکستان ورلڈ کپ بھی جیت جائے گا۔

گوندل نامی صارف لکھتے ہیں کہ ہارنے والی ٹیم کو بطور سزا چاہت فتح علی خان کا گانا زبردستی سنوانا چاہیے۔

https://twitter.com/Gondal5555/status/1709284859070304402?s=20

ایک صارف نے کہا کہ یہ گانے سے زیادہ پاکستانی ٹیم کا شیڈول لگ رہا ہے کہ کس ٹیم کے ساتھ پاکستان کا میچ کب کھیلا جائے گا۔

فہیم امتیاز لکھتے ہیں کہ اب ہمیں ورلڈ کپ جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان جن کا اصل نام کاشف رانا ہے، اپنے منفرد انداز میں گانے کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔

گزشتہ سال چاہت فتح علی خان سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔

ان کے ایک تفریحی گانے کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

چاہت فتح علی خان نے پاکستان سپر لیگ کے لیے بھی ایک گانا گایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp