پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن آمد کے سلسلے میں پورے ملک کی طرح سندھ میں بھی تیاریاں عروج پر ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما اور کارکنان روزانہ کئی گھنٹوں تک مشاورتی اجلاسوں میں مصروف رہتے ہیں۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر عمر نے وی نیوز کو بتایا کہ ابھی 17 روز پڑے ہیں لیکن تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ڈویژن اور ضلعی سطح پر روزانہ مشاورتی اجلاس ہوتے ہیں جوبعض اوقات 10،10 گھنٹوں پر محیط ہوتے ہیں۔
محمد زبیر پُرامید ہیں کہ وہ سندھ سے بڑی تعداد میں لوگوں کو نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے مسلم لائیر فورم، مسلم اسٹوڈنٹ فیڈریشن، علماء ونگ سمیت جتنے بھی ہمارے ونگز ہیں، ان کا ہدف اس وقت قائد میاں نواز شریف کے شایان شان استقبال میں سندھ سے بھر پور حصہ ڈالنا ہے۔
سندھ سے کتنی تعداد میں مسلم لیگ ن کے کارکنان میاں نواز شریف کے استقبال کو جائیں گے؟ محمد زبیر کے مطابق کارکنان کی تعداد بتانا قبل از وقت ہوگا کیونکہ سندھ کے 30 اضلاع ہیں، 7 اضلاع کراچی کے ہیں۔ تمام اضلاع سے ہمارے پاس جس وقت تعداد آجائے گی تو اس سوال کا جواب دینا ہمارے لیے آسان ہوجائے گا۔
محمد زبیر نے کہا ہے کہ سندھ سے قافلے ٹرینوں کی ذریعے جائیں گے، ان کی بکنگ کا انحصار اس تعداد پر ہوگا جو ہمیں ہر ضلعی تنظیم کی طرف سے بتائی جائے گی ، اس کی بنیاد پر ہم ہر ضلع کے ایک مقام سے ریلوے اسٹیشن تک ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے اور اسی تعداد کے اعتبار سے ہم ٹرین کی ٹکٹس بک کروائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعداد وشمار آنے کے بعد ہی ہم نے کھانے پینے سمیت تمام اخراجات کا تخمینہ لگا کر انتظامات کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس قافلے میں شریک ہو سکیں۔
شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور ہوگئے؟
سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ ان کے تحفظات کیا ہیں؟ لیکن وہ میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے لیے برطانیہ میں ہیں۔ اللہ کرے کہ ان کے تحفظات دور ہوجائیں۔ وہ ہمارے سینئر رہنما ہیں اور بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔