ڈالر کے بعد بھارتی کرنسی کی اسمگلنگ کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ کسٹم حکام نے کراچی ایئرپورٹ سے ایک پارسل پکڑا ہے جس میں لاکھوں روپے مالیت کی بھارتی کرنسی ملی ہے۔
کسٹم حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے نیپال کے لیے بک پوسٹل پارسل سے 3 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی بھارتی کرنسی برآمد کی ہے۔
کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی کوریئر کمپنی میں نیپال کے لیے بک کیے گئے پارسل کو چیک کیا گیا تو نوٹ بکس (کتابوں) کے درمیان بھارتی کرنسی خفیہ طریقے سے چھپائی گئی تھی۔
مزید پڑھیں
کسٹمز ذرائع نے بتایا کہ یہ پارسل کراچی سے نیپال کے لیے محمد ساجد نامی شہری نے بک کرایا تھا، انڈین کرنسی ضبط کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
تاہم، کرنسی برآمد کرنے کے بعد تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ بھارت بھیجے جانے والی رقم کیوں بھیجی جا رہی تھی، اور رقم کس طرح حاصل کی گئی تھی۔
واضح رہے آرمی چیف سید عاصم منیر اور نگراں حکومت کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پالیسی مرتب کی گئی، جس کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں غیر ملکی اور غیر قانونی کرنسی رکھنے والوں اور ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس سلسلے میں مخلتف کرنسی ایکسچینج، اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی بھی برآمد کی جاچکی ہے۔