بلوچستان پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے مستونگ خود کش دھماکے میں سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم خود کش حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے پولیس کو ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔
صوبائی محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے مستونگ خود کش دھماکہ کی تحقیقات کے دوران اس جان لیوا سانحہ میں ملوث ہونے اور سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مختلف آپریشن بھی جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خود کش حملہ آور کا کوئی ڈیٹا موصول نہیں ہوا ہے، حملہ آور کی شناخت کے لیے دیگر ذرائع بھی استعمال کیے جارہے ہیں، ڈی این اے اور فورینزک رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جا رہی تاہم تحقیقات کی روشنی میں نتائج آنے میں وقت درکار ہوگا۔