پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ بنارسی ٹولہ نیا منجن بیچنے میدان میں نکلا ہے، 50 روپے کے اسٹام پر بیرون ملک بھاگنے والا واپس آنے کی جرات کرے، عوام اس کے محاسبے کے لیے تیار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں پی ٹی آئی کے میڈیا سیل سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ قوم کو تباہی کی دلدل میں اتارنے کے بعد نیا منجن بیچنے میدان میں نکلا ہے، پچھلے 16 مہینوں میں اس گروہ کی مجرمانہ کارکردگی کڑے احتساب کی متقاضی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ یہ ٹولہ اپنی نالائقیوں اور نااہلیوں پر شرمسار ہوکر قوم سے معافی مانگنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر قوم کو بے وقوف بنانا چاہتے ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ 50 روپے کے اسٹام پر 4 ہفتوں کے لیے پلیٹلیٹس پورے کرنے کی غرض سے لندن بھاگنے والا وطن واپسی کی جرات کرے، عوام اس کے محاسبے کے لیے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا ہے کہ 3 روز قبل شاہدرہ کے عوام نے سسلیین مافیا کے سرغنہ کو دو ٹوک پیغام دیا ہے، عمران خان نے شفاف ترین اور عوامی بہبود کے حوالے سے تاریخ کی متحرک ترین حکومت چلائی، دیوالیہ پن کے کنارے پر کھڑی معیشت کو عمران خان نے نہایت محنت سے کورونا سے بچا کر 6 فیصد کی سالانہ ترقی کی سطح پر مستحکم کیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ احسن اقبال جیسا جاہل اور جھوٹا شخص غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو بتائے کہ ہم نے عمران خان کے خلاف سازش کی تو مہنگائی ساڑھے11 فیصد کےآس پاس تھی، 17ماہ پہلے پیٹرول آج سے آدھی سے بھی کم قیمت پر عوام کو میسر تھا۔
’17 مہینے قبل بجلی کی قیمتیں آج کے مقابلے میں ایک تہائی سے بھی کم جبکہ اشیائے خورو نوش عمومی طور پر کئی گنا سستی تھیں، این آر او لے کر ملک سے بھاگنے اور لندن منصوبے کے تحت ضمانتوں کے سائے میں وطن واپسی کا ڈھونگ رچانے والے اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے لاہور میں اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 2024 میں نیا سفر شروع ہوگا، مہنگائی سے جان چھوٹے گی اور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان معیشت کی بحالی کے عمل میں کامیاب ہوگا۔ جس سے نوجوانوں کو نئی امید ملے گی۔ کیونکہ اس وقت معیشت جس بدحالی کا شکار ہے اس سے نوجوان سخت نا امید ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان جو نسخہ اس قوم کے لیے لکھ کر گیا ہے اس کا خمیازہ بگھتنا پڑ رہا ہے، کیونکہ عمران خان نے اپنے مفاد کے لیے آئی ایم ایف کا معاہدہ سبوتاژ کیا اور اس کے بعد پاکستان کا حال جو ہوا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔