امریکی ریاست الاسکا کے کٹمائی نیشنل پارک نے 12 بڑے پیٹ والے ریچھوں کے نام فائنل کیے ہیں جو اس سال کا ’فیٹ بیئر ویک‘ )ہفتہ فربہ بھالو) مقابلہ جیتنے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ پارک ہر سال آن لائن ووٹروں کو یہ انتخاب کرنے کی دعوت دیتا ہے کہ کون سا ریچھ سب سے بھاری بھرکم اور جاذب نظر ہونے کے باعث انہیں پسند آتا ہے۔
اس سال کے مقابلے کے فیورٹ میں اوٹیس نامی بھالو 3 مرتبہ جب کہ 747 نامی بھالو 2 بار کا فاتح رہ چکا ہے اور دونوں کافی حد تک فربہ ہونے کے باعث اپنے مداحوں کو بے حد لبھاتے ہیں۔ اوٹیس اپنی مخصوص تھوتھنی اور کانوں کے باعث لوگوں کو بہت پسند ہے۔
تاہم پارک کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اوٹیس کو اس سال زیادہ محنت کرنی پڑے گی کیوں کہ اس کی بڑھتی عمر نے اس کے دانتوں کی صحت کو خاصا متاثر کیا ہے۔
آن لائن ووٹنگ 4 اکتوبر کو شروع ہوکر 10 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ ووٹر ہر روز 2 ریچھوں میں سے ایک کا انتخاب کریں گے جو اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔