افغان فورسز کی باب دوستی پر بلا اشتعال فائرنگ، بچہ اور بزرگ شہری شہید

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی کے مقام پر افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی حدود میں بدھ کی شام بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 12 سالہ بچہ اور 80 سالہ بزرگ شہری شہید جب کہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر پاکستان کی حدود میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالمحمد کے نام سے ہوئی ہے۔

افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے جان گنوانے والے 80 سالہ بزرگ

فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس دوران کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو سرحد پر قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ باب دوستی پر پیدل آمدورفت کا سلسلہ بھی بند کر دیا گیا تھا۔

باب دوستی پر افغان فورسز کی گولیوں نشانہ بننے والے لڑکے

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرحد سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا لیکن پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ نہیں کی گئی۔ اس دوران سرحد پر صورتحال گھنٹوں تک کشیدہ رہی تاہم افغان فورسز کی فائرنگ کا سلسلہ تھم جانے کے بعد باب دوستی پر پیدل آمدو رفت کا سلسلہ بحال کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حال ہی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ دے دی گئی ہے۔

 فائرنگ کرنے والے سنتری کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق صوبہ بلوچستان میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ساتھ چمن بارڈر کراسنگ کے فرینڈ شپ گیٹ پر تعینات ایک افغان سنتری نے پاکستان سے افغانستان جانے والے راہگیروں پر بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

یہ واقعہ زیرو لائن پر واقع آؤٹ باؤنڈ گیٹ پر پیش آیا جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچے سمیت 2 معصوم پاکستانی شہریوں نے شہادت کو گلے لگا لیا جب کہ دوسرا بچہ زخمی ہوگیا۔

اپنے دستوں نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور بے گناہ مسافروں کی موجودگی میں فائرنگ کے تبادلے سے گریز کیا تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

افغان حکام سے اس غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی کی وجہ پوچھنے اور مجرم کو پکڑ کر پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

آئی اے جی سے یہ بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے فوجیوں پر کنٹرول کا استعمال کرے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی تکرار سے بچنے کے لیے ذمہ داری سے کام کرنے کے لیے نظم و ضبط یقینی بنائے۔

آئی ایس پی آر ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مثبت اور تعمیری دوطرفہ تعلقات کے ذریعے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے خلوص نیت اور مقصد کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

بلا اشتعال فائرنگ اور مخدوش صورتحال کے باوجود باب دوستی بند نہیں کیا گیا، ڈپٹی کمشنر

اس حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 4 اکتوبر کو شام 4 بجے، آؤٹ باؤنڈ چیک پوسٹ پر افغان فورسز  نے بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے کے میں ایک 12 سالہ بچہ اور 70 برس کے بزرگ راہگیر شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد اپنی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تاہم فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا اور دونوں جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چمن پہنچایا گیا تاکہ وہاں سے میتیں ورثا کے حوالے کی جاسکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ فائرنگ کے باعث علاقے میں صورتحال مخدوش ہے تاہم باب دوستی بند نہیں کیا گیا البتہ پیدل چلنے والوں کی آمدورفت کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ معاملے کی اطلاع اعلیٰ حکام کو دے دی گئی ہے اور اسے افغان حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp