سائفر کیس: ٹرائل عوام کے سامنے کیا جائے، وکیل عمران خان

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملہ زیر التواء ہونے کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کردی ہے۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے ٹرائل آگے نہ بڑھانے کی درخواست دائر کی گئی اور مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے لہٰذا کیس کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک ملتوی کیا جائے۔

عدالت نے سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا کو بتایا کہ آج سماعت روک دی گئی ہے، آج ہم نے درخواست دی کہ معاملہ ملتوی ہونا چاہئیے، چالان کی نقول نہیں لے سکتے، معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے، فیصلے کا انتظار کیا جائے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ جب معاملہ ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے تو ضلعی عدالت میں لانا درست نہیں، اس کیس کی سماعت ان کیمرہ نہیں ہو سکتی، عدالت کے سامنے نکتہ اٹھایا کون سی باتیں عوام کے سامنے جانی چاہئیں کون سی نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کو اس کیس میں خفیہ رکھا گیا اور اب ٹرائل کو بھی خفیہ رکھا جارہا ہے۔ اگر ٹرائل کیا جانا ہے تو عوام کے سامنے کیا جانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp