پی سی بی کی عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد: ’سیاست نے ہیرو سے زیرو کر دیا‘

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپنی 71 ویں سالگرہ جیل میں منا رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ پر عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی اور کیک پر’اٹک قیدی نمبر804’ لکھوایا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے کامیاب کپتان اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران خان کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔

 انہوں نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ’ایکس‘ پر عمران خان کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ عمران خان نے 88 ٹیسٹ میچز میں 3ہزار 807 رنز اور 362 وکٹیں لیں۔ اور 175 ون ڈے میچز میں 3ہزار 709 رنز بنائے اور 182 وکٹیں لیں۔

پی سی بی نے مزید لکھا کہ 1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان عمران خان کو سالگرہ مبارک۔

سوشل میڈیا پر بھی عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ساتھ ہی صارفین ان کے سیاست اور کرکٹ کے کیرئیر پر مخلتف تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ سیاست نے عمران خان کو ہیرو سے زیرو بنا دیا۔

عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے پر عمران خان کے ایک فین نے پی سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’شکر ہے آپ کو بھی خیال آ گیا‘۔

https://Twitter.com/i_am_Faiizan/status/1709781348603306147?s=20

صحافی فہیم پٹیل نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا ہوا کہ پی سی بی نے اپنی غلطیوں سے سیکھ لیا ہے، عمران خان کو کرکٹ کے حوالے سے اسی طرح یاد کرنے کی ضرورت ہے۔

پی سی بی کی جانب سے عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں ان کے ماضی کی شاندار اننگز کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں عمران خان کی 1986 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک اننگز دکھائی گئی ہے جس میں انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 61 رنز کی اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ اس میچ میں پاکستان کی 5 وکٹیں 37 رنز پر گر گئی تھیں جس کے بعد عمران خان اسکور 159 تک لے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp