استحکام پاکستان پارٹی 13 اکتوبر کو جھنگ میں پاور شو کرے گی

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس پر پارٹی نے نہایت مسرت کا اظہار کیا ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونا باعث خوشی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی رجسٹریشن مکمل ہونے کی خوشی میں آئی پی پی 13 اکتوبر کو جھنگ میں اپنا پہلا پاور شو کرے گی، چئیرمین جہانگیر خان ترین اورصدر عبدالعلیم خان کی محنتیں رنگ لائی ہیں، اب آئی پی پی اپنی قانونی حیثیت کے ساتھ عوام میں جائے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پی کا شاہین کا اب سیاسی افق پر پرواز کے لئے بالکل تیار ہے، بیلٹ پیپر پر آئی پی پی کا نام اور شاہین کا انتخاب نشان چھپنے جا رہا ہے،  آئی پی پی کی قیادت، کارکنان اور ووٹرز کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے سے عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی آ جائے گی، خوشی ہے کہ صدر عبدالعلیم خان کی سالگرہ کے دن پارٹی کی رجسٹریشن مکمل ہوئی، آج کے دن پارٹی کی رجسٹریشن مکمل ہونا پارٹی کے لئے دہری خوشی کا باعث ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 13 اکتوبر کو جھنگ میں ہونے والے آئی پی پی پاور شو کی تیاری کا آغاز پارٹی رجسٹریشن کی خوشخبری سے ہو رہا ہے، قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد آئی پی پی مزید فعال ہو جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp