کیا عثمان ڈار کا انٹرویو عمران خان کے تابوت میں آخری کیل ہے؟

جمعہ 6 اکتوبر 2023
author image

عزیز درانی

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یکم ستمبر 2014 کو پی ٹی آئی کے اس وقت کے صدر جاوید ہاشمی صاحب ایک تقریر کرتے ہیں جس میں وہ دیگر حیران کن انکشافات کے ساتھ ساتھ ایک اہم دعویٰ کرتے ہیں کہ عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کو بتایا کہ جلد ہی بنگلہ دیش ماڈل کا ایک سافٹ مارشل لا لگایا جائے گا جس میں فوج اور عدلیہ کا اہم کردار ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنما علامہ طاہرالقادری کا کردار بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔ اس پریس کانفرنس کے بعد جاوید ہاشمی صاحب نے اگلے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس جو ان دنوں پی ٹی آئی اور طاہرالقادری صاحب کے دھرنے کے حوالے سے بلایا گیا تھا میں جاکر ایک تاریخی خطاب کیا اور اپنی قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

عمران خان اور علامہ طاہرالقادری کا 126 دن کا دھرنا اور اس دوران کیا ہوتا رہا سب تاریخ کا حصہ ہے لیکن ہاشمی صاحب کے اس خطاب کی سب سے اہم بات یہ تھی کہ عمران خان کو فوج کے اندر سے کسی نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ ن لیگ حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔ اس واقعے کے بیان کرنے کا مقصد یہ تھا کہ فوج کے اندر سے عمران خان کو یقین دہانی کرائے جانے کے حوالے سے کل ایک اور انکشاف عمران خان کے دیرینہ ساتھی عثمان ڈار نے بھی اپنی 5 ماہ کی روپوشی کے بعد دیے گئے انٹرویو میں کیا ہے۔ کیا ہر دور میں عمران خان کے ہمدرد فوج کے اندر موجود ہیں؟

ویسے تو پاکستان میں ہر روز کوئی نہ کوئی سیاسی ہلچل رہتی ہے اور میڈیا کو سیاسی ٹاپک ڈسکس کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی مواد ہر وقت میسر رہتا ہے۔ بدھ کا دن سیاسی ایکٹویٹی کے حوالے سے خاموش دن تھا لیکن شام کو عثمان ڈار کی ڈرامائی انٹری نے سیاسی بحث میں ایک نئی جان ڈال دی ہے۔ چاہے ریگولر میڈیا ہو یا سوشل میڈیا ہر شخص عثمان ڈار ہی کا انٹرویو ڈسکس کرتا نظر آیا۔

اپنے انٹرویو میں عثمان ڈار نے اس بات کی وضاحت کی کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں وہ اپنی مرضی سے یہ انٹرویو دے رہے ہیں اور ضرورت پڑی تو وہ عدالت میں بھی بیان دے سکتے ہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان کو شاید ادارے کے اندر سے کچھ انفارمیشن تھی کہ لانگ مارچ کرنے سے جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف کی تعیناتی رک جائے گی۔ جبکہ 9 مئی کے حملوں کا مقصد فوج پر دباؤ ڈال کر جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے سے ہٹانا تھا۔ ان الزامات کی سنگینی کی نوعیت کا اندازہ فی الحال شاید آپ کو نہ ہورہا ہو لیکن اگر آپ فوج کے ادارے کی ورکنگ جانتے ہیں تو آپکو ضرور علم ہوگا کہ فوج کچھ بھی برداشت کرلے گی لیکن فوج کے اندر کسی بھی صورت بغاوت پیدا کرنا یا ایسی کسی کوشش کو بالکل برداشت نہیں کرتی پھر چاہے ایسی کوشش چاہے کوئی ادارے کے اندر سے کرے یا باہر سے۔

اس تناظر میں اگر دیکھا جائے تو عثمان ڈار کا یہ بیان عمران خان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ فوج اور ریاست سے ٹکراؤ کی پالیسی پر بقول عثمان ڈار صرف عمران خان ہی نہیں بلکہ کچھ دیگر پارٹی رہنما بشمول مراد سعید، حماد اظہر، اعظم سواتی، فرخ حبیب بھی جارحانہ پالیسی کے حامی تھے۔ اس بیان سے نہ صرف عمران خان بلکہ ان رہنماؤں کے سیاسی مستقبل پر بھی سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے ہیں۔ اسی لیے بیان کی سنجیدگی کو بھانپتے ہوئے حماد اظہر نے اپنا ایک ویڈیو بیان ٹوئٹر پر جاری کیا اور وضاحت کی کہ وہ کبھی ٹکراؤ کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتے اور ہمیشہ معاملہ فہمی سے معاملات کو حل کرنا چاہتے تھے اور پارٹی کے اندر بھی ٹکراؤ کی پالیسی نہ اپنانے کی بات کرتے تھے۔

سوال یہ ہے کہ کیا عثمان ڈار کے اس انٹرویو سے عمران خان کو سیاسی اور قانونی طور پر کوئی نقصان ہوگا اور کیا یہ عمران خان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا؟ سیاسی طور پر اگر دیکھا جائے تو مجھے نہیں لگتا کہ عمران خان کو عثمان ڈار کے اس بیان سے کوئی بڑا نقصان ہوگا یا ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ سیاسی جماعت کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے ورکرز ہوتے ہیں۔ لیڈر اور اس کی جماعت کو نقصان تب پہنچتا ہے جب اس کا ورکر قیادت سے بدظن ہوجائے یا مایوس ہوجائے۔

یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان ہے اور عمران خان ہی پی ٹی آئی ہے۔ باقی تمام پارٹی رہنما ثانوی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لیے کوئی بھی پارٹی رہنما عمران خان کے بارے جو بھی بیان دے اس سے پی ٹی آئی کے ورکر کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بلکہ ہم نے دیکھا ہے کہ گرفتاری کے بعد عمران خان کے ورکر کی وفاداری ان سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ہاں البتہ یہ اب عمران خان کے لیے ایک اہم چیلنج ہوگا کہ ورکرز کی اس وفاداری کو ووٹوں میں کیسے شفٹ کرنا ہے۔ کیوں کہ الیکٹورل پالیٹکس بہرحال ایک علیحدہ سائنس ہے اور ہر حلقے کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ پارٹی کا اپنا ووٹ بینک ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی عام انتخابات میں امیدوار بھی معنی رکھتے ہیں۔

جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما انتخابات میں کیسے صف بندی کرتے ہیں یہ بہت اہم ہوگا۔ گو عمران خان خود الیکشن لڑنے کے اہل نہیں لیکن وہ اپنے لیے اور اپنی پارٹی کے لیے سیاسی طور پر اسپیس کیسے حاصل کرتے وہ ان کی آئندہ انتخابات میں کارکردگی طے کرے گی۔ اس لیے میرے نزدیک عثمان ڈار جیسے رہنماؤں کے بیانات سے زیادہ عام انتخابات کی منصوبہ بندی اور کارکردگی عمران خان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ طے کرے گی۔ بہتر انتخابی منصوبہ بندی خان کی بازی کسی بھی سمت پلٹ سکتی ہے۔

جہاں تک بات ہے عثمان ڈار کے بیان کی قانونی حیثیت کی اگر وہ یہ بیان عدالت میں جاکر دیتے ہیں تو وقتی طور پر یہ عمران خان کے لیے اچھا خاصا درد سر بن سکتا ہے کیوں کہ جو انکشافات انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کے حوالے سے کیے ہیں وہ بہرحال ان کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ شنید یہ بھی ہے کہ عثمان ڈار کے علاوہ بھی کچھ پی ٹی آئی رہنما اس طرح کے بیانات دے سکتے ہیں۔ جس کا ایک واضح اشارہ کل فیصل واوڈا نے بھی دیا کہ عثمان ڈار کے بعد فرخ حبیب بھی تیار بیٹھے ہیں۔ اس کا مطلب ہے خان کی مشکلات فی الحال کم ہونے کے کوئی آثار نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp