کراچی کی بریانی کا کوئی مقابلہ نہیں:’اگلی بار دیگ میں چھلانگ مار دیں‘

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بریانی کراچی کی اچھی ہے یا حیدرآباد کی؟ یہ وہ سوال ہے جو گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھارت پہنچتے ہی حیدرآبادی بریانی کا موازنہ کراچی کی بریانی سے شروع ہو گیا تھا اور اس میں کانٹے دار مقابلہ چل رہا ہے کہ آخر کون سی بریانی زیادہ اچھی ہے؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی اپنی رائے دیے بنا نہ رہ سکے، انہوں نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شئیر کرتے بھارتی مداحوں سے کہا کہ ’میرے انڈین دوستو! ناراض مت ہونا، میں سچ بات کررہا ہوں کہ کراچی کی بریانی کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ہے۔‘

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ’حیدرآباد کی مشہور بریانی ڈرائی (خشک) ہے، اس کا ذائقہ پلاؤ جیسا ہے۔‘ جس پر شعیب ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’حیدرآبادی بریانی کا مصالحہ نیچے ہوتا ہے، آپ نے اوپر والے چاول کھائے ہوں گے‘۔

کراچی اور حیدرآبادی بریانی کی بحث میں سوشل میڈیا صارفین نے بھی حصہ لیا اور اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔

 ایک صارف نے کراچی کی بریانی کو حیدرآبادی بریانی سے بہتر قرار دینے پر وسیم اکرم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر کراچی ہمیشہ آپ کا مقروض رہے گا۔

بھارتی صحافی نے وسیم اکرم کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کراچی سے زیادہ حیدرآبادی بریانی کو پسند کر رہے ہیں، اب بولنے سے کیا ہو گا آپ اس کو کوور کر رہے ہیں۔

تجمل نامی ایک صارف نے وسیم اکرم کے کراچی بریانی کو بہترین قرار دینے پر کہا کہ اگلی بار دیگ میں چھلانگ مار دیں۔

قمر ظہور کہتے ہیں کہ ’بریانی تو بریانی ہوتی ہے چاہے کہیں کی بھی  ہو‘۔

ایک صارف نے اہلیان لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہوریو! سن لو، تم لوگوں کی بریانی کو کوئی منہ بھی نہیں لگاتا‘۔

https://Twitter.com/fas___m/status/1710181977247432770?s=20

واضح رہے کہ آئی سی سی نے بھی حال ہی میں ایک ویڈیو کلپ جاری کیا تھا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں سے پوچھا گیا کہ کراچی کی بریانی اچھی ہے یا حیدرآباد کی اور وہ حیدر آباد کی بریانی کو کتنے نمبر دینا چاہیں گے؟

جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے حیدرآبادی بریانی کو 8 نمبر دیتے ہوئے کہا کہ یہ بریانی قدرے زیادہ سپائسی ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھا کہ موڈ پر منحصر ہے۔ اگر بریانی کھانے کا موڈ ہے تو 10 میں سے 10 جبکہ امام الحق نے حیدرآبادی بریانی کے بارے میں کہا ’اٹس فینٹاسٹک‘۔

اسپیڈ اسٹار حارث رؤف نے کہا’ ہم نے حیدرآبادی بریانی کا بہت سنا تھا اور آتے ہی سب سے پہلے یہی کھائی میں تو 10 میں سے 20 نمبر دوں گا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp