وفاقی حکومت کے احکامات کے بعد ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی پولیس نے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان مہاجرین کی پکڑ دھکڑ شروع کردی گئی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ جواد طارق کے مطابق حالیہ دنوں میں افغان باشندوں کے خلاف کارروائیوں کا باقاعدہ سلسلہ شروع کیا گیا۔ کوئٹہ سے اب تک 94 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار کیے گیے جب کہ فارن ایکٹ کےتحت مقدمات بھی درج کردیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ شہر کے مختلف تھانوں میں افغان مہاجرین کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے۔ اب تک 22 ہزار افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جاچکا ہے جس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
علاؤہ ازاں مہاجرین کی جائیدادوں،کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
جواد طارق نے بتایا کہ ریاستی پالیسی پرمن وعن عمل درآمد کیا جائے گا۔ تاہم یکم نومبر تک بغیردستاویزات کےرہائش پزیر افغان باشندوں کےخلاف پالیسی کےمطابق کارروائی ہوگی۔