پاکستان میں روپے کی گرتی ساکھ اور ڈالر میں ریکارڈ اضافے نے انڈسٹریز کو بری طرح متاثر کیا وہ گاڑیاں بھی جو پہلے کسی نہ کسی طرح متوسط طبقے کی پہنچ میں تھیں انہیں خریدنا بھی محال ہوچلا تھا۔ جہاں تک عام عادمی کی سواری موٹر سائیکل کا تعلق ہے اس کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے تھے لیکن گزشتہ ایک ماہ سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کے باعث انڈسٹریز پر مثبت اثرات پڑنا شروع ہو گئے ہیں اور کار بنانے والے ایک بڑی کمپنی لکی موٹرز کارپوریشن (کیا لکی موٹرز) نے تو پاکستان میں اپنی گاڑیاں سستی بھی کردی ہیں۔
کیا موٹرز کی گاڑیوں کی قیمتیں کتنی کم ہوئیں؟
کیا موٹرز نے مخلف ماڈلز کی قیمت میں 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کمی کردی۔ کمپنی کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ سے اس کا ریلیف خریداروں تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مختلف ماڈلز کی قیمت میں کمی کا اطلاق 6 اکتوبر سے ہوگا۔ کیا پکانٹو کی قیمت 1 لاکھ روپے کمی کے بعد 38 لاکھ 50 ہزار روپے کردی گئی ہے، کیا اسپورٹیچ 1لاکھ 50 ہزار روپے کمی سے 80 لاکھ 40 ہزار روپے، کیا اسپورٹیج لمیٹڈ ایڈیشن 3 لاکھ 50 ہزار روپے کمی سے 93 لاکھ روپے اور کیا سورینٹو کی قیمت 5 لاکھ روپے کمی کے بعد 1 کروڑ 3لاکھ روپے کردی گئی ہے۔
سابق صدر پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن مشہود خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہو رہا ہے لحاظہ اس کا اثر انڈسٹریز پر بھی ضرور پڑے گا اسی وجہ سے ایک کمپنی کی جانب سے گاڑیوں کی قیمتیں گرادی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ڈالر کی قیمت بہت گری ہے اور یہ مزید نیچے آئے گا اور اس کے اثرات ضرور مرتب ہوں گے لیکن اتنی تیزی سے قیمتیں نہیں گریں گی بلکہ ڈالر کے گرتے رہنے سے مارکیٹ پر مثبت اثرات بتدریج مرتب ہوں گے۔
’دیگر کمپنیاں بھی گاڑیوں کی قیمتیں گھٹائیں گی‘
مشہود خان نے کہا کہ اس وقت صرف ایک کمپنی نے قیمتی کم کی ہیں لیکن آئندہ دنوں میں مزید کمپنیاں اپنی قیمتیں گھٹائیں گی اب دیکھا یہ ہوگا کہ ڈالر کم ہو کر کہاں جا کر رکتا ہے کیوں کہ اس کے بعد ہی پتا چلے گا کہ قیمتیں کس حد تک گریں گی۔
’شفافیت ضروری ہے‘
مشہود خان کا کہنا ہے کہ جس وقت ڈالر روپے کے مقابلے میں بڑھا اس وقت تمام مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے لگی تھیں اب روپے کی قدر میں بہتری کے تناظر میں کمپنی کی پالیسیوں میں جتنی شفافیت ہوگی قیمتوں کے اعتبار سے مثبت اثرات ہوں گے اور عوام کا فائدہ ہوگا۔
موٹر سائیکل کی قیمت کب گرے گی؟
مشہود خان نے وی نیوز کو بتایا کہ جون سے پہلے اگر موٹر سائکل انڈسٹری پر نظر دوڑائی جائے معلوم ہوگا کہ ڈالر اور فیول پرائسز میں اضافے کے باعث پروڈکشن کم ہو گئی تھی اب ظاہر سی بات ہے کہ اگر خریدار نہیں تھے تو پروڈکشن میں کمی تو آنے تھی لیکن پھر وہی بات ہے کہ ایک ماہ سے نظر آنے والی صورت حال اگر ایسی ہی چلتی رہی تو موٹر سائیکلوں کی نہ صرف قیمتیں گریں گی بلکہ پروڈکشن میں بھی اضافہ ہوگا۔