روپیہ قدرے تگڑا ہونے پر کن اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے آئیں؟

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی روپے پر ستمبر میں وقت کی ستمگری بتدریج مہربانی میں تبدیل ہوتی دکھائی دی اور یہ سلسلہ رواں ماہ بھی جاری و ساری ہے جس کے  پہلے کاروباری ہفتے میں بھی روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ ہوا۔

یاد رہے کہ انٹربینک میں 5 ستمبر سے ڈالر کا بھاؤ مسلسل کم ہو رہا ہے۔ 5 ستمبر کو انٹربینک میں ڈالرکا ریٹ 307 روپے 10 پیسے تھا اور کاروبار کی کلوزنگ پر ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے 23  روپے 48 پیسےکم ہوا جو ڈالر کی انٹربینک میں 6 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل اضافے اور ڈالر کا ریٹ گرنے سے اشیائے خورونوش سمیت کئی چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ ہفتے جن اشیائے خورونوش کی قیمتیوں میں کمی واقع ہوئی ان میں ٹماٹر، مرغی کا گوشت، چینی، دالیں گڑ، گندم کا آٹا، خوردنی تیل، سرسوں کا تیل وغیرہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

اسی حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے عہدیدار نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھی کی قیمت میں 60 روپے تک کمی ہوئی ہے کیوں کہ یہ درآمد کیا جاتا ہے اس لیے ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد اس کی قیمت بھی کم ہوئی۔

عہدیدار کے مطابق معروف برانڈزکے گھی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے جب کہ نئی قیمتوں کے مطابق بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ صارفین کے لیے گھی 385 روپے فی کلو سے گھٹا کر 325 روپے فی کلو کر دیا گیا ہے جبکہ عام صارفین کے لیے یہ قیمت 455 روپے سے کم کرکے 395 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ابھی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئی ہیں امید ہے کہ قیمتیں آنے والے دنوں میں مزید کم ہوں گی۔

چینی کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر تو پہلے ہی چینی مارکیٹ کے مقابلے میں 30 روپے سستی مل رہی تھی اور اب بھی اتنی ہی یعنی 130 روپے فی کلو ہے جبکہ آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 648 روپے ہے۔

پاکیزہ کیش اینڈ کیری کے مالک نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آٹے کی قیمت میں کوئی کمی نہیں ہوئی البتہ چینی کی قیمت 2 مینے قبل بھی 200 روپے فی کلو تھی جو کم ہو کر اب 160 روپے ہے اور کھانے کے تیل کی قیمتیں تقریبا 500 یا اس سے زیادہ تھیں جو کہ اب 350 تک آ چکی ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ سے سونے کی قیمت میں بھی واضح کمی آئی ہے۔ اگست 2023 میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 33 روپے تھی جو کہ اب 1 لاکھ 90 ہزار روپے فی تولہ ہے۔

اسی طرح ستمبر کے مہینے میں پیٹرول کی قیمت 331.38 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی تھی جو کہ یکم اکتوبر سے 8 روپے کم ہو کر 323.38 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قمیت 329.18 سے کم ہوکر 318.18 روپے فی لیٹر پر آچکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp