ورلڈکپ2023: کون سی ٹیم کتنے وینیوز پر کھیلے گی اور کتنا سفر طے کرے گی؟

ہفتہ 7 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت ایک بڑا ملک ہے جس کی 28 ریاستیں ہیں، اور تقریبا 54 انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہیں جن میں سے 24 اسٹیڈیم ایکٹو ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے آئی ٹیموں کو مختلف شہروں میں میچز کے لیے اچھا خاصا سفر طے کرنا ہوگا۔ اس دوران بھارت کی کرکٹ ٹیم باقی ٹیموں کے مقابلے میں 3 ہزار کلو میٹر زیادہ سفر طے کرے گی۔

کرک انفو کے مطابق ٹورنامنٹ کے آخر میں بھارت کی ٹیم 11 وینیوز کے لیے 13 ہزار کلو میٹر ہوائی سفر طے کرے گی جو کسی بھی ٹیم کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہوگا۔ بھارت کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 9 وینیوز پر میچز کے لیے سفر کرے گی جو 10 ہزار کلو میٹر بنتا ہے۔

اس کے بعد افغانستان کی ٹیم بھی 9 وینیوز پر میچز کھیلے گی جس کے لیے 10 ہزار کلو میٹر سفر طے کرے گی، افغانستان کے بعد ساؤتھ افریقہ کی ٹیم بھی 9 وینیوز کے لیے تقریبا 10 ہزار کلو میٹر تک کا سفر طے کرے گی۔ سری لنکا کی ٹیم کو 7 وینیوز پر میچز کھیلنے کے لیے 9 ہزار کلو میٹر تک کا سفر طے کرنا پڑے گا۔

ٹورنامنٹ کے دوران بنگلہ دیش کی ٹیم 7 وینیوز پر میچز کھیلے گی جس کے لیے 8 ہزار 900 کلو میٹر تک کا سفر طے کرے گی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی 7 وینیوز کے لیے 8 ہزار 500 کلو میٹر تک کا سفر طے کرنا پڑے گا۔

آسٹریلیا کی ٹیم 10 وینیوز پر میچز کھیلے گی لیکن ان کا سفر باقیوں کی نسبت قدر کم ہوگا، جو 8 ہزار 400 کلو میٹر بنتا ہے۔ نیدر لینڈز بھی 8 وینیوز پر میچز کھیلے گا اس کے لیے ان کو 7 ہزار 900 کلو میٹر تک کا سفر طے کرنا ہوگا۔

ورلڈ کپ کے دوران سب سے کم وینیوز پر پاکستان کے میچز ہوں گے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو سب سے کم سفر طے کرنا ہوگا، پاکستان 5 وینیوز پر میچز کھیلے گا جبکہ اسکواڈ کو 6 ہزار 800 کلو میٹر تک کا ہوائی سفر طے کرنا ہوگا۔

واضح رہے ورلڈ کپ 2023 کے سارے میچز بھارت میں ہوں گے، ٹورنامنٹ کے دوران 48 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 2 سیمی فائنل اور ایک فائنل ہوگا۔ ٹورنامنٹ 19 نومبر تک جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp