سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی و فلسطینی شہریوں کے تحفظ پر بات ہو گی، ترجمان اقوام متحدہ

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر حماس کے حملے کی مذمت کی ہے اور امن کے قیام کے لیے تمام سفارتی کوششوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تا کہ وسیع تر کشیدگی سے بچا جا سکے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کو شہری آبادی پر بمباری اور عام شہریوں کی ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے اور وہ فریقین کو زیادہ سے زیادہ تحمل برتنے پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق شہریوں کا ہر قیمت پر احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے۔

ادھر فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر 5 ہزار سے زیادہ راکٹ داغے جانے کے بعد اسرائیل نے ‘حالت جنگ’ کا اعلان کر دیا تھا، جس کے بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا تھا۔

حماس کے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ فوج حماس کی صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے اپنی تمام تر طاقت استعمال کرے گی۔ لیکن انہوں نے متنبہ کیا کہ ’ اس جنگ میں وقت لگے گا اور یہ مشکل اور بے رحم جنگ ہو گی۔

جب کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ غزہ سے شروع ہونے والا حملہ مغربی کنارے اور یروشلم تک پھیل جائے گا۔ غزہ کے باشندے 16 سال سے اسرائیلی محاصرے میں رہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فلسطینی علاقوں اور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں آخری اطلاعات تک 370 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 23 سو تک زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ اسی طرح اسرائیلی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ حماس کے حملوں میں اب تک 600 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ، عالمی تعاون تنظیم (اُو آئی سی )سمیت دیگر تمام ممالک اسرائیل اور فلسطین پر جنگ بندی کے لیے زور دے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اسرائیل اور فلسطین کے بڑھتے ہوئے تنازع کے دوران اہم فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے امن دستوں نے اتوار کے روز جاری بحران پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے قبل اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر راکٹوں اور توپخانے کی فائرنگ کے تبادلے کا سراغ بھی لگایا ہے۔

یہ حملے ایک ایسے وقت ہوئے جب 15 رکنی کونسل نیویارک میں سہ پہر 3 بجے اجلاس کی تیاری کر رہی تھی۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق شہریوں کا ہر وقت احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے۔

ادھر ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے مطابق، جیسے جیسے تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، کمزور بچوں اور خاندانوں سمیت شہریوں کو ضروری خوراک کی فراہمی تک رسائی میں بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تقسیم کے نیٹ ورک میں خلل پڑا ہے۔

ادارے کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایف پی متاثرہ علاقوں میں محفوظ اور بلا روک ٹوک انسانی رسائی پر زور دیتا ہے اور تمام فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انسانی قوانین کے اصولوں کی پاسداری کریں اور خوراک تک رسائی کو یقینی بنانے سمیت شہریوں کی زندگیوں اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدامات کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp