غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری، متعدد ایشیائی ممالک نے اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کردیں

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کی حریت پسند تنظیم حماس کی اسرائیل میں کارروائی کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، اسرائیل کے حملوں میں اب تک 413 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ حماس کی کارروائی میں سکیوررٹی اہلکاروں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

معروف عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں میں محصور فلسطینی انکلیو (غزہ ) پر بمباری تیز کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کا آسمان اسرائیلی لڑاکا طیاروں اور ڈرونز سے بھرا ہوا ہے۔ غزہ کی پٹی کے کچھ قصبوں، خاص طور پر بیت حنون میں ایک گھنٹے سے بلا روک ٹوک بمباری دیکھی گئی۔

’ہلاکتوں کی صحیح تعداد واضح نہیں ہے کیونکہ طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں،اسرائیلی افواج ممکنہ طور پر غزہ پر زمینی حملے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے زمین کو جھلسا دینے والی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔‘

 حماس نے بھی جنوبی اسرائیل پر راکٹوں کا ایک نیا بیراج چلایا ہے۔

ایشیائی ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث ایشیائی ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

ایشیا کی کئی ایئر لائنز نے سیکیورٹی صورتحال کے باعث اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں، چین سے شہر شنگھائی سے اسرائیل کے لیے ہینان ایئرلائن نے شنگھائی اور تل ابیب کے دمیان پروازیں منسوخ کر دیں، جبکہ کیتھے پیسفک نے بھی ہانگ کانگ اور تل ابیب کے درمیان اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے بھی اسرائیل کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جنوبی کوریا کے سب سے بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹ انچیون اور تل ابیب کے درمیان اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئند چند روز تک اسرائیل کے لیے پروازوں میں خلل جاری رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کی رات فلسطین کی آزادی پسند تنظیم حماس نے اسرائیل پر 5 ہزار سے زائد راکٹ فائر کیے تھے اور حماس کے مسلح اہلکار اسرائیل کے متعدد علاقوں میں گھس گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں میں اب تک حماس کی کارروائیوں میں اسرائیل کے 700 سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 413 افراد شہید ہوئے ہیں

اسرائیلی حکومت کے مطابق حماس نے 100 اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں کو یرغمال بنالیا ہے۔

’ایران حماس کی کارروائیوں میں ملوث نہیں‘

ایران نے حماس کی طرف سے اسرائیل کے اندر شروع کیے گئے بے مثال حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم فلسطین کی غیر متزلزل حمایت میں کھڑے ہیں لیکن ہم فلسطینیوں کی طرف سے حملوں میں شامل نہیں ہیں کیونکہ یہ صرف اور صرف فلسطین نے کیے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطین کی طرف سے کیے گئے پرعزم اقدامات 7 دہائیوں کے جابرانہ قبضے اور ناجائز صیہونی حکومت کے گھناؤنے جرائم کے خلاف مکمل طور پر جائز دفاع ہیں۔

غزہ، اسرائیل پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کا ہنگامی اجلاس بند کمرے میں ہوا لیکن عالمی رہنما کسی مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔

اجلاس میں امریکا نے کونسل کے 15 ارکان سے حماس کی شدید مذمت کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم کونسل کا اجلاس 90 منٹ تک جاری رہنے کے باوجود کوئی فیصلہ نہ ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp