ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کے مطابق صوبہ بھر میں اب تک کم و بیش 18 سو غیر ملکی حراست میں لیے جا چکے ہیں۔
میڈیا سے بات چیت میں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں پولیس کی نفری بڑھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے، زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرنیوالوں کے خلاف تمام اداروں کے ارکان پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔ ’جن کی زمینوں پر قبضہ ہو چکا ہے انہیں ریلیف دیا جائے گا۔‘
صوبائی وزیر داخلہ حارث نواز نے غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے بتایا کہ ایسا طریقہ کار وضع کررہے ہیں کہ ایسے عناصر کیخلاف ون ونڈو آپریشن ہو، اب تک 18 سو افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، غیر قانونی تارکین وطن کسی بھی ملک سے ہوں انہیں بے دخل کیا جائے گا۔
کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے حوالے سے حارث نواز کا کہنا تھا کہ ان ہائیڈرنٹس کی بندش سے عوام کو ریلیف ملے گا، انہوں نے بتایا کہ جان بوجھ کر پانی کا بحران پیدا کیا جارہا ہے۔