مسلم لیگ ن کا ٹھوکر نیاز بیگ والا جلسہ کیسے کامیاب ہوا؟

پیر 9 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مریم نواز لاہور کے مختلف حلقوں میں جا کر عوام کو 21 اکتوبر کو مینار پاکستان آنے کی دعوت دے رہی ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب جلسے کا اہتمام کیا، جلسہ لاہور کے صدر سیف الملوک نے کروایا، جلسے میں بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ پارٹی کے مطابق 20 ہزار کرسیاں پنڈال میں لگائی گئی تھیں۔ جبکہ 15 ہزار لوگوں کے لیے کھانا تیار کروایا گیا تھا 40 ہزار تو صرف نان بنوائے گئے تھے۔ لوگوں کو جلسے میں لانے کے لیے پیک اینڈ ڈراپ سروس بھی دی گئی تھی۔

مریم نواز پنڈال پہنچیں تو ہر طرف سے نواز شریف زندہ باد کے نعرے گونج رہے تھے۔ پنڈال میں موجود لوگوں پارٹی پرچم لہرا کر مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ‏ایسا استقبال کہ مریم نواز بھی حیران ہوگئیں۔ پھولوں کی برسات سے فضا رنگوں سے سج گئی۔ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہوا۔

‏پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ کا جلسہ اس وجہ سے کامیاب رہا کیونکہ انتظامات بہت اچھے کیے گئے تھے۔ عوام کے بیٹھنے کے لیے وسیع انتظامات تھے، جلسے کے اندر آنے کے لیے عام عوام کو روکا نہیں جا رہا تھا۔ جلسے میں کھانا کے لیے چکن قورمہ، نان، زردے والے چاول تیار کیے گئے تھے۔ شرکاء مریم نواز کو دیکھنا اور سننا بھی چاہتے تھے۔ یہی وجوہات تھیں کہ لوگوں کی بڑی تعداد نے جلسہ کامیاب بنایا۔

شاہدرہ جلسہ کیوں ناکام ہوا؟

یکم اکتوبر کو ن لیگ نے لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بھی جلسہ کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس جلسے کے حوالے بڑی تنقید کی گئی تھی کہ مریم نواز کی پہلی عوامی رابطہ مہم نا کام ہوگئی۔ عوام نے جلسے میں آنے کی زحمت ہی نہیں کی۔ شاہدرہ جلسے کو سابق ن لیگی ایم این اے ملک ریاض نے کروایا تھا، انتظامات بھی ان کے سپرد تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شاہدرہ جلسے میں عوام کے نا آنے کی بڑی وجہ جلسہ گلی میں رکھنا تھی، جس کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں نہیں آ سکے۔ دوسری وجہ جلسے میں کھانے کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں نے شاہدرہ کے جلسے میں شرکت نہیں کی تھی۔ شاہدرہ جلسے میں عوام کے بیٹھنے کے لیے 5 سو سے 6 سو تک کرسیاں لگائی گئی تھیں۔ لوگوں کو آنے جانے میں بھی مسئلہ تھا جس کی وجہ سے شاہدرہ میں وہ عوامی طاقت کا مظاہرہ نہیں ہو سکا جو کل ٹھوکر نیاز بیگ پر ہوا تھا۔

مریم نواز کل کے جلسے سے مطمن ہیں؟

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز ٹھوکر نیاز بیگ پر ہونے والے جلسے سے مطمئن نظر آئیں، انہوں نے عوام کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ آج اتنا بڑا جلسہ ہو گیا ہے تو اکیس اکتوبر کو کیا ہو گا؟ مریم نواز نے شاہدرہ جلسے میں لوگوں کے نہ آنے پر منتظمین پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ 21 اکتوبر کو شاہدرہ سے بھی اتنے ہی لوگ آنے چاہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp