پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں عمران خان کا چہرہ نورانی لگ رہا تھا اور وہ چار مرتبہ قرآن شریف بھی ختم کرچکے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان جیل میں بہت زیادہ معلومات حاصل کررہے ہیں ، بہت کتابیں پڑھ رہے ہیں اور مزید کتابیں پڑھنے سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ وکلا کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی طبعیت خراب ہے اور آپ کہہ رہی ہیں کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں، آپ لوگوں کے درمیان یہ تضاد کیوں ہے، جس پر علیمہ خان نے کہا کہ کوئی تضاد نہیں ہے، فرق یہ ہے کہ عمران خان وزن کو صحت کی علامت اور ہم اسے موٹاپا اور صحت کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔
Imran Khan is happy in jail, reading, gaining knowledge, there’s noor on his face: Aleema Khan pic.twitter.com/sPhg1ta2wa
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) October 9, 2023
ایک دوسرے صحافی نے سوال کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے بیان دیا ہے کہ عمران خان معافیاں مانگ رہے ہیں اور آج کے سلمان صفدر کے بیان کے بعد انہوں نے کہا کہ خان صاحب ٹوٹنا شروع ہو گئے ہیں، جس پرعلیمہ خان نے جواب دیا کہ آپ ہائبرڈ وارفیئر کے بارے میں پڑھیں، یہ بیچارے کب سے ہائبرڈ وارفیئر چلا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کمزور ہوگئے، آپ انہیں کمزور جبکہ میں انہیں فٹ کہہ رہی ہوں، اسی طرح عمران خان نے ایک بار بتایا کہ انہیں غصہ آ گیا تھا اور آپ نے کہا کہ یہ بلڈ پریشر کا مسئلہ تھا.
علیمہ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں عالمی قانون کے مطابق ہر قیدی کو چہل قدمی اور ورزش کرنے کا حق حاصل ہے لیکن عمران خان کو چہل قدمی کی اجازت نہیں دی جا رہی، علیمہ خان نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جن کا خیال تھا کہ وہ عمران خان کو جیل میں بند کر کے توڑ دیں گے، انہیں کہیں اب بس کریں، تھک جائیں گے لیکن عمران خان نہیں ٹوٹیں گے، آپ جتنی مرضی چاہیں کہانیاں بنا لیں۔