جیل بھرو تحریک: عمران خان کی لوگوں سے شرکت کی اپیل

بدھ 22 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک ایک جہاد کا نام ہے۔ جتنا زیادہ آپ جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے اتنے جلدی ہم اپنے مقصد تک پہنچیں گے۔

 اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں حقیقی آزادی کے لیے جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں ۔

یہ آپ کو ادھر لے جائے گا جہاں ایک آزاد اور خوش حال پاکستان ہوگا۔ اور یہ تب ہو گا جب ایک ریاست آپ کے بنیاد ی حقوق کا تحفظ کرے ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا جیل بھرو تحریک ایک جہاد ہے جو ملک کو برباد کرنے والوں کے خلاف ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا آج ہم دو بنیادی محرّکات و اہداف کے تحت جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔

اوّل: یہ ہمیں آئین کے تحت میسّر بنیادی حقوق پر یلغار کے خلاف ایک پر امن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔ ہمیں جعلی ایف آئی آر، نیب کےمقدمات ، زیرِحراست تشدد، اور میڈیا و سماجی میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے۔

دوم: یہ قوم کے اربوں روپے لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھجوانے اور خود این آر او لے کر عوام خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کے خلاف ہے جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کیا۔

جیل بھرو تحریک

پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری‏ زبیر خان نیازی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق کپتان کی کال پر جیل بھرو تحریک کا آغاز آج بدھ 22 فروری دوپہر 2 بجے چیرنگ کراس مال روڈ سے ہو گا-

گرفتاری دینے والوں میں سابق گورنر عمر چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، سابق وزیر مراد راس، ٹکٹ ہولڈر محمد مدنی اور سینئر رہنما فواد بھلر سمیت 200 کارکنان شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp