ورلڈ کپ 2023: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی

جمعرات 12 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ کپ 2023 کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اَپ سیٹ کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے 311 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 40.5 اوورز میں 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ کاگیسو ربادا نے کی جنہوں نے 35 رنز دے کر اپنے 8 اوورز میں آسٹریلیا کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ اسی طرح مارکو جینسن، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ لونگی نگیدی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے، یوں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 177 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کر کے ورلڈ کا 10 واں میچ جیت لیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل مارش نے 7، ڈیوڈ وارنر نے 13، اسٹیون اسمتھ نے 19، مارنس لیبوشگن نے 46، جوش انگلیس نے 5، مچل اسٹارک نے 27، پیٹ کمنز (کپتان) نے 22 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 رنز بنائے جب کہ ایڈم زمپا نے 11 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ کے اسکور ٹیبل پر ٹاپ پر آ گیا ہے اس نے اس سے قبل سری لنکا کو شکست دے کر اپنا پہلا میچ جیتا تھا، جب کہ آسٹریلیا اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار گیا ہے۔

بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023 کے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ نے 50 اوورز کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے اوپنر بیٹرز نے ٹیم کو اچھی شروعات فراہم کی، کوئنٹن ڈی کوک نے ورلڈ کپ کی دوسری سینچری مکمل کی اور میکزویل کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ٹیمبا باوما 55 گیندوں پر 35 رنز بناکر گلین میکزویل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 30 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ایڈم زیمپا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ایڈن مارکرم 44 گیندوں پر 56 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ہینرک کلاسن نے 27 گیندوں پر29 رنز بنائے اور جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔مارکو جانسن 22 گیندوں پر 26 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر ڈیوڈ وارنرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر نے 13 گیندوں پر 17 رنز بنائے اور مچل اسٹارک کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکزویل نے اور مچل اسٹارک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم زیمپا، پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے ایلکس کیری کے بجائے جوش انگلیس کو شامل کیا ہے جبکہ ساؤتھ افریقہ نے بھی فاسٹ بولر اینڈائل پھہلوکوایو کی جگہ اسپنر تبریز شمسی کو ٹیم میں شامل کیا۔

ٹاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ آج  کے میچ کے لیے معمولی تبدیلی کی گئی ہے، وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری کی جگہ جوش انگلیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوچ سمجھ کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے، پوری کوشش کریں گے ساؤتھ افریقہ کو کم سے کم اسکور تک محدود کریں۔

ساؤتھ افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ ٹیم میں ایک فاسٹ بولر کی جگہ اسپنر تبریز شمسی کو شامل کیا گیا، پچ کی کنڈیشن کو سمجھتے ہوئے کھیلیں گے اور بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے تا کہ بولرز کی مدد کر سکیں۔

آسٹریلین اسکواڈ

اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لیبوشین، گلین میکسویل، جوش انگلیس (وکٹ کیپر)، مارکس اسٹونیس، پیٹ کمنز (کپتان)، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ

اسکواڈ میں کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر)، ٹیمبا باوما (کپتان)، رسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، تبریز شمسی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لونگی نگیڈی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp