روس کی جانب سے اسرائیلی بربریت کے شکار مظلوم فلسطینیوں اور ان کی آزاد ریاست کی حمایت

جمعرات 12 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ، روس اور چین نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ اسرائیلی بمباری سے فلسطین میں 20 مساجد شہید ہو گئی ہیں جب کہ حماس نے اسرائیلی خاتون کو بچوں سمیت رہا کر دیا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ اور مغربی پٹی میں جاری اسرائیلی بربریت پر فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی آباد کاری کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں تشدد کے بھڑکنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر رہتے ہیں اور انہیں اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو مصر چھوڑنے کا مطالبہ امن کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ ان کے لیے اندازہ لگانا مشکل ہے کہ فلسطینی جس سرزمین پر رہتے ہیں وہ تاریخی طور پر ان کی اپنی سرزمین ہے تاہم انہیں اپنی ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق ضرور حاصل ہے۔

روسی صدر نے اسرائیل میں تشدد کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام جیسے مسائل کو حل کیے بغیر تنازع ختم نہیں ہو سکتا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جمعرات کو غزہ کی پٹی میں طبی سازوسامان، خوراک، ایندھن اور دیگر امداد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کارکنوں کی علاقے میں رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے تنازع کے تمام فریقین سے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بے یارومددگار فلسطینیوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس کوشش کے لیے فوری طور پر امداد جمع کرنے کی اپیل بھی کی ۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ وہ خود اور مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار اور خطے کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ کشیدگی کو خطے میں وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں فلسطینیوں کی جائز شکایات اور اسرائیل کے اپنی سلامتی کے حوالے سے خدشات کا احساس ہے تاہم فریقین شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں اور خونریزی، نفرت اور تقسیم کا خاتمہ کریں۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 1200 سے زیادہ فلسطینیوں کی اموات اور5ہزار سے زیادہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے تنازع کے فریقین سے ایسے اقدامات سے باز رہنے کو کہا جہاں سے واپسی نہ ہو سکے اور جن سے انتہاپسند مضبوط ہوں اور پائیدار امن کے حصول کے امکانات ختم ہونے کا اندیشہ ہو۔

فلسطینیوں کو اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے، روسی صدر

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر رہتے ہیں، انہیں اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو مصر چھوڑنے کا مطالبہ امن کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ ان کے لیے اندازہ لگانا مشکل ہے، فلسطینی جس سرزمین پر رہتے ہیں وہ تاریخی طور پر ان کی اپنی سرزمین ہے۔ فلسطینیوں کو اپنی ایک آزاد ریاست کے قیام کا حق ہے۔ انہوں نے اسرائیل میں تشدد کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام جیسے مسائل کو حل کیے بغیر تنازع حل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کی آباد کاری کی پالیسی مشرق وسطیٰ میں تشدد کے بھڑکنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔

چین کا فلسطین میں انسانی صورتحال پر گہری تشو یش کا اظہار

چین نے فلسطین میں انسانی صورتحال پر گہری تشو یش کا اظہارکرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق چینی حکومت کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ ژائی جون نے فلسطینی اول نائب وزیر خارجہ امل جیادو سے فلسطین اسرائیل تنازع کی صورتحال پر ٹیلی فونک بات چیت کے دوران انسانی صورتحال پر گہری تشو یش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کی شدت پر انتہائی رنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور چین فلسطین میں سلامتی اور بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

عام شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری جنگ بندی کی اشد ضروری ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مشترکہ طور پر صورتحال کی شدت کو کم کرنے اور فلسطینی عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے میں اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرے۔

حماس نے اسرائیلی خاتون کو 2بچوں سمیت رہا کر دیا

فلسطینی مذاحمتی تحریک حماس نے اسرائیلی خاتون اوراس کے 2 بچوں کو رہا کر دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے مسلح ونگ ازیدین القاسم بریگیڈز نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی حملے کے دوران زیر حراست ایک اسرائیلی آبادکار خاتون اور اس کے 2 بچوں کو رہا کر دیاہے۔

حماس ٹیلی ویژن الاقصی نیٹ ورک نے وڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی علاقے کیبوتزہولت کی رہائشی خاتون اویتال ا لادجیم نیلے رنگ کے لباس میں اپنے 2 بچوں کے ساتھ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان خاردار تاروں والے علاقے میں ہے جبکہ حماس کے 3ارکان وہاں سے جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اس دعوے کی تصدیق کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمبار ی سے 20 مساجد شہید

طوفان الاقصیٰ کے آغاز کے بعد سے گذشتہ5 دنوں کے دوران 20 سے زیادہ مساجد کو شہید کیا گیا ہے۔فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق اوقاف اور مذہبی امور کی وزارت کے اہلکار اکرامی سالم نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں 20مساجد کو جزوی یا مکمل طور پر شہید کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت اوقاف و مذہبی امور کی مرکزی عمارت اور فلسطین ٹاور میں وزارت القرآن ریڈیو کے 14 منزلوں پر مشتمل ہیڈ کوارٹر کے علاوہ بیت لاہیا قصبے کی سعد الانصاری مسجد، خان یونس شہر میں واقع الحبیب محمد مسجد، الیرموک، احمد یاسین، العباس غزہ شہر میں سوسی، اور شتیوی، اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں موجود مساجد کو شہید کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp