اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس اب بین الاقوامی طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ نگراں وزیراعظم پاکستان کے وژن اور نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس میں بنیادی اصلاحات کردی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی معیار کا 2 زبانوں پر مشتمل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کیا جارہا ہے اور اس غرض سے ٹریفک پولیس دفتر ہفتے کے روز بھی کھلا رہے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ہفتے کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ٹریفک دفتر کھلا رہے گا جس کے باعث ہفتے کو چھٹی کرنے والے افراد بھی بآسانی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کا عمل مکمل کروا سکیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ روزانہ کے اوقات کار میں بھی 2 گھنٹے اضافی فرائض سر انجام دے گی۔
خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کا قیام
ترجمان نے بتایا کہ خواتین کے لیے ایک خصوصی ڈرائیونگ اسکول کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر کارروائی کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ س سے قبل قانون کی خلاف ورزی پر چالان کی رقوم میں بھی اضافہ عمل میں لایا جا چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کوئی بھی ایمرجنسی کی اطلاع، ویڈیو، تصاویر یا پیغام پولیس کی ایپICT-15 پر دی جاسکتی ہے اور مذکورہ ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت پولیس کی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔