خیبر پختونخوا: حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 افغان سمیت 4 ملزمان گرفتار

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ایف آئی اے خیبر پختونخوا زون کے مختلف سرکلز نے خاتون سمیت 4 ملزمان کو ہزاروں غیر ملکی کرنسی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے ان ملزمان میں 2 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے خیبر پختونخوا کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل کوہاٹ، ایبٹ آباد اور کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے مختلف کارروائیوں میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار ملزمان سے مجموعی طور پر 42 ہزار 3 سو یو اے ای درہم،  18 ہزار 8 سو سعودی ریال اور 41 لاکھ 50 ہزار روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شہراف، مشتاق احمد اور معمور کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ  2ملزمان کا تعلق افغانستان سے بھی ثابت ہوا ہے۔

ایف آئی اے اہلکاروں نے ملزم محمد شہراف کو چوک یادگار پشاور، مشتاق احمد کو تھاہ کوٹ بازار بٹگرام جبکہ  دیگر ملزمان کو کوہاٹ سے گرفتار کیا ہے۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے قبضے سے 42 ہزار 3 سو 50 یو اے ای درہم اور 18 ہزار 8 سو سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد شہراف سے 12 لاکھ روپے جبکہ ملزم مشتاق احمد سے 29 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔ حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار سے متعلق شواہد بھی برآمد کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp