عمران خان ہر لحاظ سے ’ضمیر کے قیدی‘ ہیں، کور کمیٹی تحریک انصاف

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی کور کمیٹی نے ملک میں سیاسی کارکنان اور قائدین کی جبری گمشدگیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو ہوا جس کے بعد جاری اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرخ حبیب، حسان نیازی، حیدر مجید، اویس یونس، عبدالکریم خان اور شیخ رشید سمیت جبری طور پر لاپتا کیے گئے تمام سیاسی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ کہ سینیٹر عون عباس بپیّ، عثمان ڈار، صداقت علی عباسی کے بعد جبری طور پر لاپتہ قائدین اور کارکنان کو طاقت کے زور پر سیاسی وابستگیاں تبدیل کرنے، سیاست سے لاتعلقی کے اعلان پر مجبور کیے جانے کے قوّی امکانات ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی قوّت کے شرمناک استعمال کے ذریعے سیاست کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی کوششیں جمہوریت پر حملہ اور یکسر ناقابلِ قبول ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ کورکمیٹی شہریوں کےخلاف فوجی عدالتوں میں سپریم کورٹ کے حکم اور اٹارنی جنرل کی عدالتِ عظمیٰ میں یقین دہانی کے باجود مقدمات کی سماعتوں کے آغاز پر گہری تشویش کا اظہار  کرتی ہے۔

سویلین آبادی خصوصاً نوجوان شہریوں (جووینائل) کے خلاف مقدمات آئین، قانون اور عالمی معاہدات کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ کورکمیٹی کی جانب سے چیئرمین عمران خان کے خلاف انتقام پر مبنی جعلی مقدمات اور نہایت متنازع عدالتی کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان ہر لحاظ سے ایک ضمیر کے قیدی ہیں، نہایت متنازع کارروائی کے ذریعے ایک کے بعد دوسری عدالت سے چیئرمین عمران خان کو سزا دلوانے کا شرمناک عمل عدل و انصاف پر سنگین حملہ ہے۔

کور کمیٹی اجلاس میں مظلوم اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کے جنگی جرائم کی مذمت کے لیے پرامن طور پر ملک بھر میں نکلنے والے کارکنان کو خراجِ تحسین  پیش کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp