ورزش بڑھاپے میں شروع کریں تو بھی غیر معمولی فوائد ملتے ہیں

بدھ 22 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 چاہے آپ نے زندگی بھر ورزش نہ کی ہو ، اور بڑھاپے میں ورزش شروع کردیں ، تب بھی ورزش کرنے کا عمل آپ  کی صحت کے لئے نہایت مفید ثابت ہوگا۔

حال ہی میں سامنے آنے  والی ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ عمر کے کسی بھی حصے میں ورزش شروع کی جائے ، چاہے وہ تھوڑی دیر ہی کی ہو ، انسان کی ذہنی صحت کو بہتر بناتی ہے۔

 جو لوگ جوانی گزرنے کے بعد بھی ورزش شروع کرتے ہیں ، انھیں ڈیمنشیا کی بیماری لاحق ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

 تحقیق کار اور یونیورسٹی کالج لندن کے ایم آر سی ڈیپارٹمنٹ میں ریسرچ فیلو ڈاکٹر سارہ نومی جیمز کا کہنا ہے کہ جو لوگ جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں ،  ان میں غیر فعال لوگوں کی نسبت ڈیمنشیا نامی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے ۔ تحقیق کرنے والے ابھی تک اس نتیجے پر نہیں پہنچ سکے کہ عمر کا وہ کون سا حصہ ہے جب ایک فرد کو لازمی فعال ہوجانا چاہیے۔

دی جرنل آف نیورولوجی  نیورو سرجری اینڈ سائیکاٹری میں شائع ہونے والی اس تحقیق  میں ایسے 1500 افراد کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جن کی عمر تیس برس سے زائد تھی۔  اس میں ان کی علمی حالت، یادداشت اور پروسیسنگ کی رفتار کا جائزہ لیا گیا ۔ وہ لوگ جو عمر کی 50 یا 60 کی دہائی میں سرگرم  ہوئے، انہوں نے 70 سال  کی عمر میں پہنچنے پر بھی بہتر علمی اسکور حاصل کیا ۔ حیرت انگیز طور پر جو لوگ مہینے میں ایک بار بھی ورزش کرتے ہیں ، چاہے وہ معمولی سی ہو ، وہ بھی فوائد حاصل کرتے ہیں۔

 منی سونا میڈیکل سکول میں پروفیسر آف فیملی میڈیسن اینڈ کمیونٹی ہیلتھ  ڈاکٹر ولیم رابرٹس کا کہنا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں ، چاہے ان کی ورزش کا دورانیہ کم ہو ، وہ زیادہ دیر تک صحت مند رہتے ہیں ۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp