کشور کمار اپنی نجی زندگی پر بننے والی فلم سے کیوں الگ ہوئے؟

پیر 16 اکتوبر 2023
author image

سفیان خان

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشور کمار ہی کیا کسی بھی گلوکار کو فلم کی کہانی سے کوئی سروکار نہیں ہوتا لیکن کشور کمار سے کسی نے پوچھا کہ ہدایتکار رشی کیش مکرجی کی فلم ’ابھیمان‘ کی کہانی کے بارے میں انہیں معلوم ہے؟ تو گلوکار اور اداکار نے لاعلمی ظاہر کی۔ انہیں تو بس یہ پتا تھا کہ اس فلم میں امیتابھ اور جیا بچن شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں شادی کی تھی۔ کشور کمار اب تک ’ابھیمان‘ کے لیے 2گیتوں کی نغمہ سرائی کرچکے تھے۔ ان میں ایک گیت’میت نہ ملا رے من کا ‘ اور دوسرا ’تیرے میرے ملن کی‘ تھا۔ نغمہ نگار مجروح سلطان پوری کے دلوں کو گداز کرتے بولوں پر دھن موسیقار سچن دیو برمن نے ترتیب دی تھی۔

اُس زمانے میں امیتابھ بچن کے لیے کشور کمار کی پس پردہ آواز کا استعمال ہوتا اور اسی لیے سچن دیو برمن یعنی ایس ڈی برمن کے لیے کشور کمار نے اپنی تاریخیں وقف کررکھی تھیں۔ فلم نگری میں زیرتکمیل ’ابھیمان‘ کا بڑا چرچا تھا۔ لیکن کشور کمار کے کان اس وقت کھڑے ہوئے جب ایک واقف کار نے ان سے کہا کہ ذرا فلم کی کہانی تو کسی سے معلوم کرلیں۔

اب گلوکار نے سوچا کہ ذرا سن گن تو لیں اور اسی لیے ’ابھیمان‘ سے جڑے ایک دوست سے جب انہوں نے فلم کی کہانی سنی تو انہیں بتایا گیا کہ یہ ایک ایسے جوڑے کی کہانی ہے جس میں شوہر گلوکاری کے میدان میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کرتا ہے اور ایسے میں اس کی شریک سفر بھی گلوکاری کا آغاز کرتی ہے تو وہ شوہر کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ شوہر کو بیگم کی کامرانیاں دیکھ کر احساس کمتری ہونے لگتی ہے اور پھر اختلافات جنم لیتے ہیں اور دوریاں ایسی آتی ہیں کہ نگاہیں ہی نہیں راہیں بھی بدل جاتی ہیں۔

بظاہر تو کشور کمار کو اس کہانی میں کچھ اچنبھے کی بات نہیں لگی لیکن پھر جب انہوں نے ٹھنڈے پرسکون دل و دماغ سے غور کیا تو انہیں اس داستان میں کچھ اپنائیت سے محسوس ہوئی۔ کشور کمار کو لگا کہ یہ تو ان کی اور اِن کی پہلی بیوی روما گوہا تھکروتا کی کہانی ہے۔ وہی روما جن سے انہوں نے کیرئیر کے عروج میں 1950میں بیاہ رچایا تھا۔ روما اداکار ہی نہیں گلوکارہ بھی تھیں جنہو ں نے بنگالی اور ہندی زبان کی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ گلوکاری میں بھی وہ اپنا مقام بناچکی تھیں۔

کشور کمار اورروما کی یہ شادی صرف 8سال تک ہی قائم رہی جس کا اختتام ایک بیٹے امیت کمار کے ہوتے ہوئے طلاق پر ہوا۔ فلمی دنیا میں یہ مشہور تھا کہ کشور کمار اور روما کے درمیان یہ رشتہ ختم کرنے کی اہم وجہ روما کا پیشہ ورانہ سفر بناجو کشورکمار کو پسند نہیں تھا۔ پیشہ ورانہ رقابت اور حسد نے کشور کمار کو طلاق دینے پر مجبور کرکے رکھ دیا تھا۔ پھر اسی طرح مدھو بالا سے ان کی اچانک شادی پر بھی خاصا اعتراض کیا گیا تھا۔ کہا تو یہ بھی جاتا تھا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ مدھو بالا کی زندگی کے دن کم رہ گئے ہیں ان سے شادی کشور کمار نے صرف شہرت کے حصول کے لیے کی ہے۔

اب امیتابھ بچن اور جیا بچن کی اس فلم ’ابھیمان‘ میں اپنی نجی زندگی سے ملتی جلتی کہانی جان کر کشور کمار کے تن بدن میں آگ ہی لگ گئی۔ گو کہ وہ ایس ڈی برمن اور رشی کیش مکرجی کی بہت عزت کرتے تھے لیکن کشور کمار کو احساس ہوا کہ ’ابھیمان‘ان کی ذاتی زندگی میں مداخلت ہے، فلم کی عکس بندی تووہ رُکوا نہیں سکتے تھے لیکن بطور احتجاج انہوں نے فیصلہ کرلیا اب چاہے کچھ بھی ہوجائے ’ابھیمان‘ کے لیے مزید گیت ہرگز ہرگز نہیں گائیں گے۔

کشورکمار کے ارادوں کا جب ہدایتکار اور موسیقار وں کو پتا چلا تو انہوں نے اب متبادل گلوکاروں کی تلاش شروع کی جو امیتابھ بچن کے لیے پس پردہ گلوکاری کریں۔ ایسے میں محمد رفیع نے اپنے مصروف ترین شیڈول سے ایک گیت ’تری بندیا رے‘کے لیے وقت نکالاتو موسیقار ایس ڈی برمن نے ایک اور گیت ’لوٹے کوئی من کا نگر‘ کے لیے مکیش کی آواز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور اسی گیت کی ریہرسل ایک نوآموز گلوکار منوہر اداس سے کراکر ڈمی گیت ریکارڈ کیا۔

منوہر اداس کی گلوکاری سن کر مکیش نے اصرار کیا کہ منوہر کوہی مزید آزمایا جائے۔ یہ اور بات ہے کہ منوہر اداس بعد میں بالی وڈ کے ایک کامیاب ترین گلوکار ثابت ہوئے اور مکیش کی قربانی ان کے کیرئیر کوایک نئی بلندی پر لے گئی۔

ہدایتکار رشی کیش مکرجی کی ’ابھیمان‘ کشور کمار کی اچانک بے دخلی کی وجہ سے وقتی طور پر تعطل کا شکار ہوئی لیکن پھر 27جولائی 1973کو سنیما گھروں کی زینت بنی تو اپنی منفرد کہانی اور موسیقی کی وجہ سے اسے پسند کیا گیا۔ فلم بینوں کے لیے اس تخلیق میں یوں بھی دلچسپی تھی کیونکہ پردہ سکرین پر حقیقی جوڑا اداکاری کررہا تھا۔

کشورکمار نے اس حوالے سے کسی سے کوئی شکوہ تو نہیں کیا لیکن سبھی کو پتا چل گیا کہ ان کی نجی زندگی کی کہانی سے مشابہت رکھتی ’ابھیمان‘ کیوں موضوع بحث بنی۔ رہ سہی کسر ہدایتکار رشی کیش مکرجی نے پوری کردی جنہوں نے فلم کی نمائش کے کئی برس بعد اس بات کا اعتراف کیا کہ واقعی انہوں نے کشور کمار ان کی سابق بیوی روما سے متاثر ہو کر ہی ’ابھیمان‘ کو بنایااور اس فلم نے انہیں بہترین ہدایت کاراور ایس ڈی برمن کو بہترین موسیقار کا فلم فئیرایوارڈز کا حقدار ٹھہرایا۔

کشور کمار نے رشی کیش مکرجی کے اس اعتراف کو دل سے لگایا اور ناہی روگ بنا کر بیٹھ گئے بلکہ بعد میں پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے رشی کیش مکرجی کی دیگر فلموں نمک حرام، چپکے چپکے، گول مال، الاپ وغیرہ کے لیے نغمہ سرائی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

سفیان خان کئی اخبارات اور ٹی وی چینلز سے وابستہ رہے ہیں۔ کئی برسوں سے مختلف پلیٹ فارمز پر باقاعدگی سے بلاگز بھی لکھتے ہیں۔

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp