رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 43 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان آٹوموبائل مینیوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2023-24 کے پہلے 3 مہینوں کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 43.92 فیصد کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان تین مہینوں کے دوران 16 ہزار 21 کاریں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال کی سہ ماہی میں 28 ہزار 571 یونٹس تھیں۔ جولائی تا ستمبر 2022-23 کے دوران 5 ہزار 45 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں جولائی تا ستمبر 2023-24 کے دوران ہونڈا سوک اور سٹی کے ایک ہزار 860 یونٹس فروخت ہوئے۔
مزید پڑھیں
رپورٹ کے مطابق ٹویوٹا کرولا اور یارِس کی کاروں کی فروخت میں بھی 49.55 فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ یہ گزشتہ سال کے 6 ہزار 415 یونٹس سے کم ہو کر 3 ہزار 236 یونٹس رہیں۔ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں بھی 40.40 فیصد کمی واقع ہوئی کیونکہ اس کی فروخت گزشتہ سال 2 ہزار 116 یونٹس سے کم ہو کر رواں سال ایک ہزار 261 یونٹس رہ گئی۔
سوزوکی کلٹس کی فروخت رواں سال کے پہلے 3 مہینوں کے دوران کم ہو کر 814 یونٹس رہ گئی جبکہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی کے دوران فروخت ایک ہزار 823 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ سوزوکی ویگن آر کی فروخت بھی گزشتہ سال کے ایک ہزار 413 یونٹس سے کم ہو کر 963 یونٹس رہ گئی۔
سوزوکی آلٹو کی فروخت بھی رواں سال کے دوران 9 ہزار 283 یونٹس سے 6 ہزار 760 یونٹس پر 27.17 فیصد کی واضح کمی دیکھی گئی جبکہ سوزوکی بولان کی فروخت 541 یونٹس تک کم ہو گئی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 1 ہزار 189 یونٹس فروخت ہوئی تھی۔
واضح رہے گزشتہ مالی سال کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔ جو 60 سے 70 فیصد کے دوران تھی۔