پیٹرولیم مصنوعات میں بڑی کمی کا اعلان، پیٹرول 40 ، ڈیزل15روپے سستا

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی حکومت  نے  پیٹرولیم مصنوعات میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہو گیا ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافے کے باعث وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔  ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

مٹی کا تیل 22 روپے 43 پیسے فی لیٹر سستا ہوا  ہے۔ اب مٹی کے تیل کی نئی قیمت 214 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

 

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق نگراں حکومت نے ڈیزل پر لیوی میں 5 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی کی شرح 55 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ جب کہ پیٹرول پر لیوی کی شرح 60 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اس سے قبل یکم اکتوبر کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی گئی تھی جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے38 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 318 روپے18 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ  عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث قیمتیں کم کی گئی ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق  روپےکی قدر میں بہتری سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے گزشتہ ہفتے کے دوران طلب کی غیر یقینی صورتحال، مضبوط امریکی ڈالر، افراط زر کے دباؤ اور بڑھتی ہوئی رسد کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کا حوالہ دیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اپنے آخری 15 روزہ اعلان میں وزارت خزانہ نے ملک کے مہنگائی سے تنگ عوام کو کچھ ریلیف فراہم کیا ہے اور اگلے 15 دنوں کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp