گوجرانوالہ کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں اوباش نوجوانوں کے حملے میں 2 فلسطینی طالبعلموں کے زخمی ہونے کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تھانہ اروپ کے پولیس اہلکاروں نے حملہ آور 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے خلاف فلسطینی طالبعلم خلدون الشیخ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
گوجرانوالہ میں مقامی طلبا نے 2 فلسطینی طلبا پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا تھا۔ فلسطینی طالبعلم خلدون الشیخ کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق واقعہ ہفتہ 14 اکتوبر کی شب تھانہ اروپ کی حدود میں پیش آیا تھا، جس میں مسلح افراد نے فلسطینی طلبا پر تیز دھار آلے سے حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا تھا۔
دونوں فلسطینی طالب علم گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں زِیر تعلیم ہیں، وقوعے کے روز دونوں اپنے فلیٹ پر تھے جب ان کی کچھ مقامی طلبا سے لڑائی ہوئی جس میں دونوں کو زخمی کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے دونوں زخمی طلبا کو بروقت ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا تھا جبکہ 6 ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی تھی۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ جھگڑے کے دوران شور سن کر بلڈنگ میں رہائش پذیر افراد اکٹھے ہوئے جنہوں نے فلسطینی طلبا کی جان بچائی۔ زخمی ہونے والے طالب علم خلدون الشیخ اور عبدالکریم گوجرانوالا میڈیکل کالج کے قریب کرائے کے فلیٹ میں مقیم ہیں۔
تھانہ اروپ پولیس کے مطابق فلسطینی طلبا کے ساتھ والے فلیٹ میں ان کی ہم وطن طالبات بھی رہتی ہیں جنہیں ملزمان تنگ کرتے تھے۔ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ جھگڑا غیرملکی طالبات کو چھیڑنے پر ہوا لیکن حتمی طور پر ایسا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ جب تفتیش مکمل ہوگی تو جھگڑے کی وجہ سامنے آجائے گی۔