فلسطینی وزارت صحت نے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بتایا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک محصور غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 2750 فلسطینی شہید اور 9700 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 7 اکتوبر سے اب تک 58 افراد ہلاک اور 1250 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے دسویں روز ملبے تلے ایک ہزار سے زائد میتیں موجود ہیں۔ انہیں نکالے نہ جا سکنے کی وجہ سے انسانی اور ماحولیاتی بحران جنم لے رہا ہے۔ شہدا کی میتوں کو ملبے تلے سے فوراً نہ نکالا گیا تو علاقے میں وبا پھیل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
فلسطین کے بڑے اسپتال الشفا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ابو سالمیہ نے کہا ہے کہ ہماری طبی ٹیمیں بڑی تعداد میں زخمیوں، طبی عملے اور ان کے اہل خانہ کو براہ راست نشانہ بنانے کی وجہ سے شدید طور پر تھک چکی ہیں، طبی عملے کی اکثریت جاں بحق یا بے گھر ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت میں بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل ڈی مروان ابو سعدہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں سے ہنگامی ریلیف کا مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ کی پٹی کے زخمی شہریوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر رضاکارانہ طبی وفود بھیجیں۔