بلوچستان کی نگران کابینہ نے معلومات تک رسائی کا کمیشن بنانے کی منظوری دے دی

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی کی زیر صدارت نگراں صوبائی کابینہ کے تیسرے اجلاس میں رائٹ ٹو انفارمیشن رولز 2022، قومی تعلیمی نصاب فیز ٹو، نصیر آباد کی تحصیل لانڈھی میں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

کابینہ نے اجلاس میں سیل ٹیکس آن سروسز سے متعلق امور نمٹانے کے لیے کیسکو اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی جبکہ سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی بالائی حد 35 سال مقرر کردی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے پریس کانفرنس کو  کہ عوام تک معلومات کی رسائی سے متعلق رائٹ ٹو انفارمیشن کا کمیشن بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ انفارمیشن کمیشن بننے کے بعد شہریوں کو معلومات تک رسائی ہوگی۔

جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی معیشت کو بہتر کرنے کی پالیسی کے مثبت اثرات سامنے رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر کمی بڑا ریلیف ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق بلوچستان کابینہ نے تربت میں 6 شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے اقوام متحدہ سے فلسطین کے مسئلہ پر اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

جان اچکزئی نے مزید کہا کہ کابینہ اجلاس میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ کیسکو کی جانب سے زمینداروں کو بجلی کی عدم فراہمی پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp