رقم نکالنے کی آسانی دینے والی خودکار کیش مشین (اے ٹی ایم) نے اس قدر آسانی پیدا کر دی ہے کہ اب یہ ہماری روز مرہ زندگی کا حصہ بن گئی ہے، اے ٹی ایم مشین کا استعمال آئے روز ہوتا ہے، رقم نکالنے کی اتنی آسانی ہے کہ کارڈ مشین میں ڈالا، اپنی مطلوبہ رقم حاصل کی اور چلتے بنے۔
لیکن اگر اے ٹی ایم کا استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ رقم سے پیسے کم نکلیں تو کیا کرنا چاہیے؟
سماجی رابطوں کی سائیٹ ’ایکس‘ پر ایک صارف نے طریقہ کار بتایا ہے کہ پیسے کم نکلنے کی صورت کیا کرنا چاہیے اور کن چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
اے ٹی ایم سے اگر پیسے کم نکلے تو کیا کرنا چایۓ…
اے ٹی ایم کا استعمال تو ہر آئے دن ہوتا ہی رہتا ہے – یہ تو اب ہماری زندگی کا حصہ ہے
لیکن وہ بھی ایک مشین ہے – اور مشین بھی دیسی مشین – جس میں غلطی ہونے کے چانس بہت زیادہ ہو سکتے ہیں
تو ایسی صورت میں پریشان ہونے کی بجائے، ان…
— #IamSh@ikh-WithA (@Shaikhs_Umair) October 15, 2023
ہمیشہ رسید نکالیں:
جب بھی رقم نکلوانے کے لیے اے ٹی ایم کا استعمال کریں تو رسید کا پرنٹ آؤٹ ضرور لیں۔ کیونکہ رسید نکلوانے کے لیے ہمارے اکاؤنٹ سے رقم کاٹی جاتی ہے جس سے بچنے کے لیے اکثر لوگ رسید نہیں نکلواتے اور یہ چند پیسوں کی بچت آپ کا ہزاروں روپے کا نقصان کروا سکتی ہے۔
اے ٹی ایم کی رسید کو سنبھالیں:
اے ٹی ایم کی رسید آپ کے رقم نکلوانے کا ثبوت ہوتی ہے اس لیے اسے سنبھال کر رکھنا انتہائی ضروری ہے، کم پیسے نکلنے یا غلط اماؤنٹ نکلنے کی صورت میں بوقت ضرورت یہ رسید کام آئے گی، اِس لیے اس رسید کو نا صرف سنبھال کر رکھیں، بلکہ فوراً اِس کی تصویر بھی موبائل سے کھینچ لیا کریں تاکہ رسید گم ہونے کی صورت موبائل میں ثبوت محفوظ ہو۔
بینک کا ہیلپ لائن نمبر:
اگر اے ٹی ایم سے مطلوبہ رقم نہ نکلے یا پھر ایک روپیہ بھی نہ نکلے لیکن آپ کے اکاؤنٹ سے رقم کٹ جائے تو فوراً بینک کی ہیلپ لائن پر کال کریں اور اگر آپ کسی دوسرے بینک کی اے ٹی ایم مشین استعمال کر رہے ہیں تو اس بینک کی ہیلپ لائن پر کام کر کے انہیں فوراً آگاہ کریں اور ان کی مدد حاصل کریں۔
رسید پر ریفرنس نمبر:
اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے بعد رسید پر ایک ریفرنس نمبر درج ہوتا ہے جو ہر بار الگ پرنٹ ہو کر آتا ہے۔ ٹرانزیکشن یا کسی مشکل کی صورتحال کے پیشِ نظر اسی ریفرنس نمبر کو ٹریک کرتے ہوئے بینک آپ کی مدد کر سکتا ہے۔
ہیڈ آفس جا کر شکایت کریں:
شکایت درج کرانے کی صورت اگر بینک کی ہیلپ لائن پر بات کرنے کے بعد بھی آپ کو تسلی نہیں ہوتی تو اپنے بینک کے ہیڈ آفس جا کر شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔
ایس ایم ایس سروس:
اپنے بینک اکاؤنٹ پر ایس ایم سروس ایکٹو کروا لیں تاکہ اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کی صورت یا خریداری کے وقت آپ کے اکاؤنٹ سے پیسوں کی کٹوتی کا میسج ایس ایم ایس کی صورت آپ کے پاس آ جائے۔