مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائیزر مریم نواز کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) نہ جانا اس وقت سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اصغر علی زیدی نے 5 اکتوبر کو خطاب کے لیے مریم نواز کو دعوت دی تھی جس کے مطابق مریم نواز نے 16 اکتوبر کو جی سی یونیورسٹی لاہور کے بخاری آڈیٹوریم میں 11 بجے نوجوانوں سے ’یوتھ لیڈرشپ اینڈ امپاورمنٹ‘ کے موضوع پر خطاب کرنا تھا۔ تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نوازشریف کے نوجوانوں سے خطاب سے معذرت کر لی گئی تھی۔
دعوت نامہ سوشل میڈیا پر مختلف تبصروں کے ساتھ شیئر کیا جاتا رہا
سوشل میڈیا پر جاری بحث میں ترجمان ن لیگ مریم اورنگریزیب نے بیان دیا اور وضاحت دی کہ مریم نواز کس وجہ سے جی سی یونیورسٹی خطاب کے لیے نہیں گئیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ ’گورنمٹ کالج یونیورسٹی کے چیف آرگنائزرز کی جانب سے 5 اکتوبر کو دعوت نامہ موصول ہوا جس کا احتراماً انکار کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے دعوت ملنے کے بعد انکار کرنے کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’مریم نواز نے جی سی یونیورسٹی میں خطاب کرنے سے اس لیے معذرت کی ہے کیوں کہ پاکستان مسلم لیگ ن سمجھتی ہے تعلیمی اداروں کا واحد مقصد تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنا ہے۔ ‘
’تعلیمی اداروں کا مقصد اچھا اخلاق اور سماجی طرز عمل فراہم کرنا ہے۔ ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے ان کا استحصال نہیں ہونا چاہیے۔‘ مریم اورنگ زیب نے ماضی میں جی سی یونیورسٹی میں ہونے والی تقاریر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’افسوس ہے کہ ماضی میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو ذاتی مقاصد اور سیاسی ایجنڈوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا گیا۔ اب مسلم لیگ ن تعلمی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے غلط راستے پر نہیں چلے گی۔
ماضی جب پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں نوجوانوں سے خطاب کرنے کا موقع ملا تھا تو انہوں نے فوراً دعوت قبول کرلی تھی۔
وائس چانسلر اصغر علی زیدی کی مدمت ملازمت ختم ہونے والی ہے؟
اصغر علی زیدی 2019 میں جی سی یونیورسٹی لاہور میں بطور وائس چانسلر تعینات ہوئے تھے۔ 24 اکتوبر 2023 کو ان کی مدمت ملازمت ختم ہونے والی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث میں وائس چانسلر کی مدمت ملازمت کو لیکر بھی تبصرے ہو رہے ہیں کہ جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر چونکہ ریٹائرڈ ہونے والے ہیں اس لیے وہ اپنی مدمت ملازمت توسیع کے لیے مریم نواز کو یہاں پر مدعو کرنا چاہتے تھے تاکہ مزید کچھ عرصہ وہ جی سی یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر کام کرسکیں۔