کراچی کے سری لنکن ریسٹورنٹ میں ایسا کیا ہے کہ شہری وہاں کا رخ کر رہے ہیں؟

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اہل کراچی کھانوں اور تفریح کے بے حد شوقین ہیں، شہر میں کوئی نیا ریسٹورنٹ کھلے یا کسی خاص کھانے کا چرچا ہو تو کراچی والے اسے ایک بار ضرور ٹرائی کرتے ہیں۔

شہریوں کے اسی مزاج کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پہلے سری لنکن ریسٹورنٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ پاکستان میں سری لنکن کھانے نہ ہونے کے باعث تجرباتی طور پر یہ ریسٹورنٹ کھولا گیا تھا جس کا مقصد سری لنکن شہریوں کو ان کے ملک کے کھانے فراہم کرنا تھا لیکن اہل کراچی نے سری لنکن کھانوں کو اس قدر پسند کیا کہ اب اس ریسٹورنٹ کے مالکان کراچی میں دیگر مقامات پر بھی اپنی فرنچائزز کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں ہیں۔

یہ آئیڈیا کس کا ہے؟

اس ریسٹورنٹ کے مینیجر چنتکا نے وی نیوز کو بتایا کہ ان کا تعلق سری لنکا کے شہر کینیڈی سے ہے، اس ریسٹورنٹ کو کھولنے کا آئیڈیا ان کے بھائی کا تھا، اپنے بھائی کی فرمائش پر اور ان کی مدد کے لیے وہ کراچی میں موجود ہیں اور بنیادی طور پر وہ سری لنکا میں لکڑی کے کام سے منسلک ہیں۔

چنتکا کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کے لیے اب جگہ کم پڑ رہی ہے، ان کا ہدف کاروبار کو بڑھانا ہے اور وہ ڈی ایچ اے میں اس ریسٹورنٹ کی مزید برانچز کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مینیو میں شامل مزیدار ڈشز

مینیو کے حوالے سے چنتکا کا کہنا تھا کہ ان کے ریسٹورنٹ کے مینیو میں 50 مختلف کھانے ہیں جن میں سری لنکن کے ساتھ ساتھ چائنیز اور انڈین کھانے بھی شامل ہیں، اس ریسٹورنٹ کو کھلے ابھی صرف 20 دن ہوئے ہیں اور اہل کراچی کی جانب سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے، یہاں کے لوگوں کو سری لنکن کھانے بہت پسند آرہے ہیں۔

سری لنکن کھانوں میں کیا چیز زیادہ استعمال کی جاتی ہے؟

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنے کھانوں میں ناریل اور سری لنکن مصالحہ جات استعمال کرتے ہیں جو خاص طور پر سری لنکا سے منگوائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے شیف سری لنکن جبکہ باقی عملہ پاکستانی ہے۔

شہری انور زمان جو ہمیشہ نئے کھانوں کی تلاش میں رہتے ہیں، یہی شوق انہیں سری لنکن ریسٹورنٹ تک بھی لے آیا، سری لنکن کھانوں سے متعلق اپنے تجربے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ کھانا پاکستانی کھانوں سے بالکل مختلف ہے، اسکا ذائقہ اور تراکیب الگ ہیں، پاکستانی کھانوں میں چکنائی اور مصالحہ جات زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ سری لنکن کھانے صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائے جاتے ہیں۔

پاکستان میں سری لنکن ٹچ

سری لنکن ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے کوشش کی ہے کہ کسٹمرز کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے کہ یہاں آنے والے ایک بار نہیں بلکہ بار بار آئیں اور ڈیفنس فیز ٹو میں اگر اس مقام کو تلاش کرنا مقصود ہو تو یہ نہایت ہی آسان ہے کیونکہ اس ریسٹورنٹ کے باہر سری لنکا کا جھنڈا لگایا گیا ہے، اگر پھر بھی مشکل ہو تو آپ کسی سے بھی پوچھیں وہ باآسانی آپ کو اس ریسٹورنٹ کا پتہ سمجھا دیں گے۔

اس ریسٹورنٹ کو چھوٹی سی جگہ پر نہایت خوبصورتی سے بنایا گیا ہے، سری لنکا کے قومی جانور ہاتھی کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں، کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے ایک اسکرین لگائی گئی ہے جبکہ مصنوعی پودوں اور روشنی سے ماحول کو ایسا بنایا گیا ہے کہ ایسا لگتا ہے گویا پاکستان کو تھوڑا سا سری لنکن ٹچ دے دیا گیا ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp