دورہ چین کے دوران نگراں وزیراعظم کی سری لنکا اور کینیا کے صدور سے ملاقاتیں

منگل 17 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کی یہاں ملاقات ہوئی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور صدر رانیل وکرما سنگھے نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کی آپس میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔

وزیراعظم نے خطے کے وسیع تر مفاد میں غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کا پاکستانی حکومت و عوام کی جانب سے سری لنکا کی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین موجود دیرینہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار

ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے غزہ میں فلسطینیوں کو اسرائیلی حملوں کی وجہ سے درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، غزہ میں محصور لوگوں تک انسانی مدد پہنچانے کے لیے راہداری کے قیام اور دو ریاستی حل جس کے تحت 1967 میں تفویض کردہ سرحدوں کے ساتھ ایک فلسطینی ریاست جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو، کے قیام کا مطالبہ کیا۔

کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو  سے ملاقات

قبل نگران وزیراعظم نے کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو  سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور لوگوں کے روابط کے حوالے سے دونو ں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو نے بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کی پاکستان اور کینیا کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی۔

صحافی ارشد شریف شہید کے قتل کیس 

وزیرِ اعظم نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی ارشد شریف شہید کے قتل پر بننے والی خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کو اپنی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دینے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔

وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان جبکہ کینیا کے صدر نے وزیرِ اعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے دونوں رہنماؤں نے قبول کر لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp