نواز شریف ملک کی خاطر آ رہے ہیں، واپسی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں، امیر مقام

جمعرات 19 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی واپسی کو ڈیل کا نتیجہ قرار دینے کی مکمل تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف عوامی ڈیل پر واپس آ رہے ہیں جو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے اور معیشت کی بحالی کے لیے ہے۔

’وی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے نواز شریف کی واپسی پر استقبالیہ تیاریوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے استقبال کے لیے خیبر پختونخوا سے بڑی تعداد میں کارکنان لاہور جائیں گے جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ صرف ن لیگ کے کارکنان ہی نہیں عام عوام بھی نواز شریف کی واپسی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد خیبرپختونخوا سے نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور جائیں گے۔

امیر مقام نے کہاکہ ن لیگ کی جانب سے خیبرپختونخوا بھر میں استقبالیہ تیاریاں کی گئی ہیں، اب پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع سے قافلے لاہور جائیں گے جبکہ مرکزی قافلہ پشاور سے روانہ ہو گا۔

صدر ن لیگ خیبرپختونخوا نے کہاکہ کارکنان کی جانب سے خود سارا بندوبست کیا جارہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ لاہور جا کر نواز شریف کا استقبال کریں۔

صبح 8 بجے پشاور سے روانگی ہو گی

امیر مقام نے بتایا کہ کارکنان کی لاہور روانگی کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے، پشاور سٹی کے کارکنان ٹرین کے ذریعے روانہ ہو رہے ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان اور دیگر دور افتادہ علاقوں کے قافلے بھی آج ہی روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قافلے کی قیادت میں خود کروں گا جو کل صبح 8 بجے پشاور موٹروے ٹول پلازہ سے روانہ ہو گا۔ ’پشاور، خیبر، مہمند اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں کے کارکنان ٹول پلازہ پر جمع ہوں گے جہاں سے 8 بجے روانگی ہو گی‘۔

امیر مقام نے بتایا کہ ہزارہ اور مالاکنڈ کے کارکنان بھی سوات اور ہزارہ موٹروے کے ذریعے مرکزی قافلے میں شامل ہوں گے اور ایک ریلی کی شکل میں لاہور جائیں گے۔

نواز شریف صرف عوامی ڈیل پر واپس آ رہے ہیں

امیر مقام نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف علاج کے لیے عدالتی اجازت پر باہر گئے تھے۔ وہ اپنی میڈیکل رپورٹس عدالت میں وقت کے ساتھ جمع کراتے رہے۔ ’نواز شریف نا کسی ڈیل پر باہر گئے اور نا ہی کسی ڈیل پر واپس آ رہے ہیں، لیگی قائد صرف عوامی ڈیل پر عوام اور پاکستان کے لیے واپس آ رہے ہیں‘۔

امیر مقام نے کہاکہ نواز شریف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، ان کی آمد پر ن لیگ کے کارکنان ہی نہیں عوام بھی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور بہتری کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے سیاست میں تشدد کا راستہ اپنا کر ملک کو نقصان پہنچایا جبکہ 2017 میں نواز شریف پُرامن رہے اور تشدد کے بجائے جدوجہد کو ترجیح دی۔

ناراض رہنما خود بتائیں انہوں نے پارٹی کو کیا دیا

خصوصی گفتگو کے دوران امیر مقام نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور ناراض رہنماؤں کے حوالے سے بھی بات کی۔ صدر ن لیگ خیبرپختونخوا نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پارٹی رہنماؤں اور ساتھیوں کا خیال رکھا لیکن آج جو منحرف ہیں انہوں نے بدلے میں پارٹی کو کیا دیا۔ ’میں نام لینا نہیں چاہتا لیکن چند لوگ ایسے ہیں جن سے آپ کو پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کے لیے کیا کِیا‘۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنان متحرک ہیں اور نواز شریف کے استقبال کے لیے پُرجوش ہیں۔

انتخابات کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم جاری ہے

امیر مقام نے کہاکہ ان کی جماعت الیکشن کے لیے تیاری کر رہی ہے اور عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے سوال کا انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ورکرز کنونشنز کے ذریعے عوامی رابطہ مہم چلا رہی ہے۔ یہ سب انتخابات کی تیاری کا ایک حصہ ہے۔

پرویز خٹک عمران خان کی جگہ نہیں لے سکتے

امیر مقام نے پرویز خٹک اور ان کی نئی سیاسی جماعت کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک اور محمود خان خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہے لیکن دیکھنا یہ ہو گا کہ ان کی کارکردگی کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسی کے ساتھ دینے کی یقین دہانیوں سے کچھ نہیں ہوتا۔ پرویز خٹک کا ان کے اپنے لوگ مذاق اڑا رہے ہیں۔ ان کی جماعت صرف ایک مذاق ہے۔

امیر مقام نے مزید کہاکہ ابھی کسی بھی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہواہے۔ مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یورپی یونین انڈو پیسفک فورم: اسحاق ڈار کی سنگاپور کے وزیرِ خارجہ اور بنگلادیشی سفیر سے غیررسمی ملاقات

ٹی20 ورلڈ کپ 2026: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں، میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کی ملاقات

ایبٹ آباد میں مسافر وین کو حادثہ، باپ بیٹے اور 2 بہنوں سمیت 6 افراد جاں بحق

ٹرمپ نے صحافی کے سخت سوال پر ممدانی کو کیسے مشکل سے نکالا؟

ویڈیو

میڈیا انڈسٹری اور اکیڈیمیا میں رابطہ اور صحافت کا مستقبل

سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے حساس ڈیٹا کیوں چوری کیا؟ 28ویں آئینی ترمیم، کتنے نئے صوبے بننے جارہے ہیں؟

عدلیہ کرپٹ ترین ادارہ، آئی ایم ایف کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ، رپورٹ 3 ماہ تک کیوں چھپائی گئی؟

کالم / تجزیہ

ثانیہ زہرہ کیس اور سماج سے سوال

آزادی رائے کو بھونکنے دو

فتنہ الخوارج، تاریخی پس منظر اور آج کی مماثلت