’دھماکہ سنتے ہی لگا سر کے اندر کچھ پھٹا ہے،‘ اسرائیلی حملے میں معجزانہ طور پر بچنے والے فلسطینی کا آنکھوں دیکھا احوال

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے فلسطین پر قابض اسرائیل نے جمعہ کو 13ویں روز بھی غزہ  اور دیگر علاقوں پر بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔

امریکی صدر کے دورہ اسرائیل کے موقع پر مسیحی اسپتال پر بمباری کر کے تقریبا 500 افراد کو قتل کرنے والے اسرائیل نے برطانوی وزیراعظم کے دورہ تل ابیب کے موقع پر کی گئی تازہ بمباری میں غزہ میں واقع ایک قدیم آرتھوڈوکس چرچ اور الجبالیہ میں مسجد کو نشانہ بنایا ہے۔

فلسطینی طبی عملے، صحافیوں، سویلینز، تعلیمی اداروں سمیت ہر مقام کو نشانہ بناتی اسرائیلی بمباری کے دوران غزہ سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا انفلوئنسر محمد سمیری کی ایک پوسٹ نے انہیں فالو کرنے والوں کو چونکنے پر مجبور کر دیا۔

اسرائیلی حملے کے بعد سے بےگھر افراد کو نقد امداد یا خوراک فراہم کرنے کے رفاہی کام میں مصروف محمد سمیری نے جمعہ کی صبح لکھا کہ ’ہم سے ملحق اپارٹمنٹ پر بمباری ہوئی ہے۔ وہ سب شہید ہو گئے ہیں۔‘

اس پوسٹ کے ریپلائی میں بہت سے افراد نے ان کی حفاظت کی دعا کی اور انہیں حوصلہ دلانے کی کوشش۔ کچھ ہی دیر بعد کی گئی ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’جب دھماکہ سنا تو یوں لگا کہ سر کے اندر کچھ پھٹا ہے۔ دیواریں اور شیشے ٹوٹ گئے۔ میں اس وقت چیخنا چاہتا تھا۔‘

رہائشی اپارٹمنٹ پر کی گئی اسرائیلی بمباری سے متاثر ہونے والے فلسطینی انفلوئنسر نے مزید لکھا کہ ’ہم سڑک پر آچکے ہیں۔ کہیں جانے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ میری کار میں حملے میں تباہ ہو گئی ہے۔‘

اپنے اپارٹمنٹ بلڈنگ پر حملے کی مزید تفصیل شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’وہ (اسرائیل) عام طور پر پوری عمارت کو نشانہ بناتے ہیں، اس مرتبہ ہم سے متصل فلیٹ کو نشانہ بنایا گیا، ایسا نہ ہوا ہوتا تو میں زندہ نہیں ہوتا۔‘

تقریبا پون گھنٹے کے وقفے سے دی گئی اپ ڈیٹ میں محمد سمیری نے مزید لکھا کہ اہلخانہ کو کسی اور مقام پر منتقل کر کے میں اسپتال کی جانب روانہ ہوا ہوں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی مسلسل بمباری، اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور رہائشی مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی وجہ سے اب تک شہدا کی تعداد 3900 سے زائد ہو گئی ہے۔

جمعہ کی صبح اسرائیلی بمباری سے ہونے والی شہادتوں کی تعداد 70 ہو گئی ہے، جس کی بڑی تعداد بچوں اور خواتین پر مشتمل تھی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 400 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp