چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس عرفان سعادت کو سپریم کورٹ کا تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عرفان سعادت خان کی سپریم کورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی پر غور کرنے کے لیے ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس عرفان سعادت سپریم کورٹ کے جج کے لیے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں، وہ تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور ججز میں سب سے سینیئر ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر نامزدگی کی منظوری دی، وزیر قانون نے بیرون ملک سے تحریری طور پر بھی توثیق کی۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیشن نے جسٹس عرفان سعادت کی نامزدگی کے بعد نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے کا دوسرا موضوع ہائی کورٹ کے ججوں کی تقرری کے معیار کا تعین کرنا تھا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے تمام کمیشنز کے ارکان کو خط لکھ کر ان سے رائے طلب کی تھی، موصول ہونے والی تجاویز کی کاپیاں اراکین کو فراہم کی گئی ہیں جن پر اگلے اجلاس میں تبادلہ خیال ہو گا۔