پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ الیکشن تک لوگ عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں گے پھر سمجھ آئے گی کہ غرور کا نتیجہ کیا ہوتا ہے۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ساڑھے 3 سال کے دوران عوام کو کچھ نہیں دیا، میں نے بھی سوچا کہ کب تک جھوٹے وعدے کرنے والوں کا ساتھ دیں گے۔
مزید پڑھیں
پرویز خٹک نے کہاکہ اس وقت ملک کو ایماندار لوگوں کی ضرورت ہے، میں ایسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں جس میں عوام کی خدمت نہ ہو، اس وقت تو افغانستان کے حالات ہم سے اچھے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بہت بڑا سوال ہے کہ ملک کو قرض دار کس نے بنایا، ہم نے سیاسی پارٹی اس لیے بنائی کہ ایسے لوگوں کے کرتوت عوام کو دکھائیں۔ چوروں کو سامنے لایا جائے گا۔
سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہاکہ کبھی چوری کی نہ کسی سے ڈرتا ہوں، اس وقت ہمارے ملک کو ایماندار لوگوں کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی والوں کو قریب سے دیکھا ہے وہ وعدے پورے کرنے والے نہیں ہیں۔
ہم جو وعدے کریں گے پورے کر کے دکھائیں گے
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں بڑے لوگ پارٹی پر خرچے کر کے پھر لوٹ مار کرتے ہیں، ہم جو وعدے کریں گے وہ پورے کر کے دکھائیں گے۔
پرویز خٹک نے کہاکہ 2013 میں جب میں وزیراعلیٰ بنا تو صوبے میں دہشت گردی تھی، ہماری بہادر فوج اور پولیس نے دہشت گردی کی لعنت پر قابو پایا۔ ہمارا نعرہ امن، ترقی اور خوشحالی ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ نے کہاکہ عمران خان نے بی آر ٹی کی مخالفت کی تھی، ہمارا نعرہ تو امن، ترقی اور خوشحالی ہے۔ ہم نے اربوں روپے کا کام کیا، میں آیا تو 18 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیا۔ یہ عمران خان کا ویژن نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مغرور آدمی ہے اور وہ صرف اپنی لیڈر شپ قائم کرنا چاہتا ہے۔