قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان جیسا بننا چاہتے ہیں۔
نائب کپتان شاداب خان اور نسیم شاہ ایک انٹرویو میں شریک ہوئے جہاں میزبان نے کرکٹرز سے مختلف سوالات پوچھے۔ کرکٹرز نے اس شعبے میں نہ آنے کی صورت میں اپنے اپنے ممکنہ پیشوں کے بارے میں بھی بتا دیا ہے۔
میزبان نے دونوں کرکٹرز سے سوال کیا کہ اگر آپ کرکٹرز نہ بنتے تو عملی زندگی میں کیا کر رہے ہوتے؟۔ اس سوال کے جواب میں نسیم شاہ نے کہا کہ میں اپنا کاروبار کرتا مگر مسئلہ یہ ہے کہ میرا بزنس دماغ نہیں اور ایسی صورت میں اسے جاری رکھنا مشکل ہوگا۔
یہی سوال جب شاداب خان کے سامنے رکھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں اگر کرکٹر نہ بنتا تو کہیں پر مزدوری کررہا ہوتا۔
میزبان نے کرکٹرز سے سوال کیا کہ وہ موسیقی کو پسند کرتے ہیں یا نہیں تو شاداب خان نے کہا کہ ان کو راحت فتح علی خان کا گانا ’آفرین آفرین‘ بہت پسند ہے، جبکہ نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ 4 سال ہو گئے ہیں ’میری ماں کے برابر کوئی نہیں‘ والا گانا سنتا ہوں۔ اس سے قبل اور بھی بہت سارے گانے سنے ہیں۔
واضح رہے کہ شاداب خان اس وقت ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ نسیم شاہ انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے۔